Friday, April 19, 2024

ٹیکس فائلرز کی تعداد کم ہے ، چیئرمین ایف بی آر

ٹیکس فائلرز کی تعداد کم ہے ، چیئرمین ایف بی آر
May 22, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز) چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا کہ ملک میں ٹیکس فائرلز کی تعداد کم ہے ، غیر رجسٹرڈ ادارے دو فیصد ٹیکس دےکر رجسٹرڈ ہو سکتے ہیں ۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر کا کہنا تھا کہ بنیادی مسئلہ ٹیکس فائلرز کی کمی ہے  ، ایمنسٹی اسکیم میں ٹیکس نا دہندگان کو بھی موقع دیا جائے گا ، پہلا موقع ہے کہ مینوفیکچرر کے ساتھ ہم آہنگی پیدا کررہے ہیں، چاہتے ہیں میڈیا ہمارا شراکت دار بنے ۔ شبر زیدی نے کہا کہ ہم نے کاروبار کے لئے بہتر ماحول مہیا کرنا ہے ، ہمارے قانون میں خرابی ہے تو اسے بھی دیکھیں گے، جولائی کے بعد قانون سازی کریں گے اور ایکشن بھی لیں گے۔ چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا کہ ایمنسٹی اسکیم میں سیلز ٹیکس نادہندگان کو بھی موقع دیا گیا ، غیر رجسٹرڈ ادارے 2 فیصد سیلز ٹیکس دے کر رجسٹر ہوسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ  بجلی اور گیس کے تمام صنعتی صارفین کو ایمنسٹی سکیم میں سیلز ٹیکس کی رجسٹریشن کرانا ہوگی، یکم جولائی کے بعد قانون سازی کر کے کارروائی ہوگی ۔ اکاؤنٹس منجمد کرنے سے متعلق بھی چیئرمین ایف بی آر نے بھی وضاحت کردی ، بولے کہ لوگوں کو نوٹس موصول نہیں ہورہے اور اکاؤنٹس منجمد کیے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ  ہدایت کی ہےکہ جس کا اکاؤنٹ منجمد کیا جائے اس کو24 گھنٹے پہلے آگاہ کیا جائے جب کہ اکاؤنٹس منجمد کرنے کے حوالے سے قانون میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ چیئرمین ایف بی آر نے مزید کہا کہ پاکستان میں ایک لاکھ کمپنیاں ایس ای سی پی میں رجسٹرڈ ہیں، ٹیکس فائلر50 ہزارکمپنیاں ہیں، ایس ای سی پی چیئرمین کو خط لکھا کر کہا ہے کہ باقی 50 ہزار کمپنیوں کو وہ نکالیں یا میں نکالوں گا،  نان فائلر کمپنیوں کو ٹیکس نیٹ میں لانے کا بھی اعلان کیا۔