Sunday, September 8, 2024

ٹیکس دہندگان پاکستان کے محسن، خراجِ تحسین کے حقدار ہیں، وزیر اعظم

ٹیکس دہندگان پاکستان کے محسن، خراجِ تحسین کے حقدار ہیں، وزیر اعظم
January 10, 2021

اسلام آباد (92 نیوز) ٹیکس وصولی کے حوالے سے اہم پیش رفت، 6 ماہ کی مدت میں ریکارڈ ٹیکس وصولی کی گئی۔ وزیرِ اعظم عمران خان کہتے ہیں کہ ٹیکس دہندگان پاکستان کے محسن ہیں جو خراجِ تحسین کے حقدار ہیں۔

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ٹیکس اصلاحات پر جائزہ اجلاس ہوا۔ وزیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ، شبلی فراز، حماد اظہر، ڈاکٹر عشرت حسین سمیت دیگر شریک ہوئے۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ رواں مالی سال 6 ماہ کی مدت میں ٹیکس کی مد میں جمع ہونے والی رقم 2205 ارب روپے سے تجاوز کر چکی ہے۔ ٹیکس کے نظام میں متعدد اہم اصلاحات کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ سیلز ٹیکس کی وصول کردہ رقم میں بھی اضافے کا رجحان ہے۔ جس کی بڑی وجہ پوائنٹ آف سیل سسٹم کے ذریعے کمپنی کا براہِ راست تعلق ایف بی آر کے سسٹم سے قائم ہونا ہے۔

وزیرِ اعظم نے وفاقی وزراء، معاونِ خصوصی ریونیو اور چیئرمین ایف بی آر کے ساتھ ساتھ مجموعی طور نظام میں اصلاحات لانے والے حکام کو بھی سراہا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیکس دہندگان پاکستان کے محسن ہیں جو خراجِ تحسین کے حقدار ہیں۔ نظام میں ایسے اقدامات کا بھی اضافہ کیا جائے جس سے ٹیکس دہندگان کی پذیرائی کی جائے۔