Monday, May 20, 2024

ٹیکس تنازع حل !!! چھوٹے تاجروں کو خصوصی رعایت‘ حکومت نے دوکے علاوہ تمام مطالبات منظور کر لئے

ٹیکس تنازع حل !!! چھوٹے تاجروں کو خصوصی رعایت‘ حکومت نے دوکے علاوہ تمام مطالبات منظور کر لئے
October 15, 2015
اسلام آباد (92نیوز) حکومت اور تاجروں کے درمیان مجوزہ ٹیکس مراعاتی پیکج طے پا گیا ہے۔ پیکج کے تحت چھوٹے تاجروں کو سیلز ٹیکس ، ٹرن اوور ٹیکس اور ٹیکس آڈٹ میں چھوٹ دینے پر اتفاق پیدا ہوگیا جبکہ تاجروں کی رجسٹریشن کیلئے آسان طریقہ متعارف کرنے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق چھوٹے تاجروں کیلئے تیار کیے گئے مجوزہ ٹیکس مراعاتی پیکج کے مطابق حکومت نے تاجروں کو ویلیو ایڈڈ سیلز ٹیکس سے چھوٹ دینے کا مطالبہ تسلیم کرلیا ہے۔ سیلز ٹیکس‘ مینو فیکچرنگ اور امپورٹ سطح پر وصول کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ ٹرن اوور ٹیکس کی زیادہ سے زیادہ شرح 0.25 فیصد مقرر کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔ پیکج کے تحت ایک مکان، ایک گاڑی، ایک دکان والے دکانداروں کا اگلے پانچ سال کیلئے ٹیکس آڈٹ نہیں کیا جائے گا۔ چھوٹے تاجروں کو فائلرز بنانے کیلئے ٹر یڈ ان رولمنٹ سرٹیفکیٹ کا نظام متعا ر ف کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے جبکہ پانچ کروڑ روپے کا سرمایہ رکھنے والے نئے فائلرزکو آڈ ٹ سے مستثنیٰ کرنے کا مطالبہ بھی مان لیا گیا ہے۔ مراعاتی پیکج کے تحت خیبرپختونخوا کے تاجروں کو تین سالہ انکم ٹیکس کی چھوٹ دینے کی تجویز پیش کی گئی ہے جبکہ تاجروں کے مسائل کے حل کیلئے خصوصی کمیٹی بنانے کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ تاجروں نے اس پیکیج کے ذریعے ٹیکس ریٹرن فائلر کرنے کی تاریخ 31 دسمبر تک بڑھانے کی تجویز پیش کردی ہے۔ وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے تاجروں کے دونوں بنیادی مطالبات فور ی طور پر تسلیم کرنے سے انکار کردیا تاہم 16 نومبر کو ٹیکس مراعاتی پیکیج کا اعلان کرنے کا وعدہ کیا ہے۔