Friday, May 17, 2024

ٹیکس بچانے کیلئے خونی رشتوں کے علاوہ تحائف دینا جرم قرار

ٹیکس بچانے کیلئے خونی رشتوں کے علاوہ تحائف دینا جرم قرار
July 31, 2019
اسلام آباد( 92 نیوز) ٹیکس بچانے کیلئے  خونی رشتوں کے علاوہ تحائف دینا جرم قرار دیدیا گیا ۔ نانا اور نانی، دادا اور دادی، ماں، باپ،  بیوی، بہن، بیٹی اور بیٹے سے موصول ہونے والے قیمتی تحائف انکم ٹیکس سے مستثنیٰ ہونگے، کیش کی صورت میں لین دین  کو قابل ٹیکس آمدن شمار کرنے کا بھی فیصلہ کر لیا گیا۔ انتہائی قریبی رشتہ داروں کے علاوہ  ٹیکس بچانے  کیلئے تحفہ دینا جرم قرار دیدیا گیا، ایف بی آر نے وضاحتی سرکلر جاری کردیا۔ ایف بی آر کے وضاحتی بیان کے مطابق  نانا ، نانی، دادا ، دادی، ماں، باپ،  بیوی، بہن، بیٹی اور بیٹے کی طرف سے موصول ہونے والے قیمتی تحائف انکم ٹیکس سے مستثنیٰ ہوں گے۔ ان رشتوں سے ہٹ کر اگر کوئی قیمتی تحفہ موصول ہو تو اس کی مالیت دیگر ذرائع سے آمدن شمار ہوگی ،  تحفے کی مالیت کے مطابق انکم ٹیکس لاگو ہوگا۔ ایف بی آر کے مطابق کیش کی صورت میں لین دین  کو قابل ٹیکس آمدن  شمار کرنے کا فیصلہ کرلیا گیاہے، 10لاکھ روپے کے منقولہ اثاثہ جات کے لین دین کراس چیک یا بینکنگ چینل کے ذریعے کرنا لازمی قرار دیدیا گیا۔

بیرون ملک چھپائے اثاثہ جات کی مالیت پر 200فیصد جرمانہ

جب یہ اثاثہ جات فروخت کئے جائیں گے تو اس کی خریداری میں استعمال کی جانے والی رقم کو مجموعی ٹیکس آمدن شمار کیا جائے گا۔ پلاٹ خریدنے کے 1سال کے اندر فروخت کیا جائے گا تو اس کے 100 فیصدمنافع کی مالیت پر ٹیکس عائد ہوگا ۔ پلاٹ ایک سال بعد اور 8 سال کے اندر فروخت کیا گیا تو فروخت پر ملنے والے 75فیصد منافع پرانکم ٹیکس لاگو ہوگا ۔ پلاٹ خریداری کے 8سال بعد فروخت ہوگا تو اس کے منافع پر کوئی ٹیکس عائد نہ ہوگا ،  تعمیر شدہ جائیداد خریداری کے ایک سال کے اندر فروخت ہوگی تو 100فیصد منافع پر ٹیکس ہوگا، وہی جائیداد ایک  سال بعد فروخت ہو تو اس کے75 فیصد منافع کی بنیاد پر ٹیکس عائد ہوگا، 4 سال بعد فروخت ہونے کی صورت میں کوئی کیپیٹل گینز ٹیکس عائد نہیں ہوگا۔ پلاٹ یا تعمیر شدہ جائیداد کی فروخت پر 50 لاکھ روپے تک منافع پر 5 فیصد ، 50 لاکھ سے زائد اور 1 کروڑ روپے تک  10فیصد ،1کروڑ روپے سے زائد اور1کروڑ 50 لاکھ روپے تک 15فیصد  جبکہ 1 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد پر 20فیصد کیپیٹل گینز ٹیکس لاگو ہوگا۔