Sunday, September 8, 2024

ٹینڈوں کے فوائد جنہیں شاید آپ نہیں جانتے

ٹینڈوں کے فوائد جنہیں شاید آپ نہیں جانتے
July 4, 2016
لاہور (ویب ڈیسک) تمام سبزیاں اللہ تبارک و تعالیٰ کی پیداکردہ عظیم نعمت ہیں۔ ہر سبزی اپنے اندر صحت کا خزینہ لیے ہوئے ہے لہٰذا انہیں صرف ذاتی پسند و ناپسند کی بنا پر نظرانداز کرنا دانشمندی کی علامت نہیں ہے۔ انہی سبزیوں میں ایک سبزی ٹینڈے بھی شامل ہے۔ یہ سبزی اپنے ذائقے اور طبی فوائد کے لحاظ سے لاجواب ہے۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ موسم گرما میں گرم مزاج کے حامل افراد کیلئے یہ عطیہ خداوندی ہے مگر بلغمی مزاج کے حامل افراد کیلئے مفید نہیں ہے۔ ٹینڈے جسم میں حدت کم کرکے خشکی و گرمی اور اس کے عوارضات مثلاً پیاس کی زیادتی‘ گرمی کے سبب دماغی بوجھل پن‘ اعصاب کی خستگی و کمزوری اور جسمانی لاغری کے ازالہ کا سبب بنتے ہیں۔ ٹینڈوں کے مسلسل استعمال سے تروتازگی پیدا ہوتی ہے۔ ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ موسم گرما میں چونکہ گرم مزاج کے حامل افراد کیلئے گوشت کا استعمال منع ہوتا ہے اس لیے انہیں گوشت کیساتھ ٹینڈے ملانے کی نصیحت کی جاتی ہے کیونکہ یہ گوشت کے مضر اثرات کو بڑی حد تک کم کر دیتے ہیں۔ ٹینڈے ہمیشہ ایسے استعمال کرنے چاہئیں جو تازہ اور نرم ہوں اور ان کے گودے میں سخت قسم کے بیج نہ بنے ہوں۔ باسی‘ سخت اور پختہ ٹینڈوں سے ان فوائد کی توقع رکھنا عبث ہے۔