Thursday, April 25, 2024

ٹیم تمام شعبوں میں پرفارمنس دکھانے میں ناکام رہی، کپتان سرفراز احمد

ٹیم تمام شعبوں میں پرفارمنس دکھانے میں ناکام رہی، کپتان سرفراز احمد
September 27, 2018
کراچی (92 نیوز) ایشیا کپ میں پاکستان کا سفر ختم ہو گیا۔ ٹورنامنٹ میں قومی ٹیم کی بیٹنگ اور باؤلنگ کے ساتھ فیلڈنگ میں بھی مایوس کن کارکردگی پر کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ٹیم تمام شعبوں میں پرفارمنس دکھانے میں ناکام رہی۔ پاکستان کا ایشیا کپ کا فائنل کھیلنے کا خواب، خواب ہی رہا۔ ایونٹ میں بیٹنگ فیل تو باؤلرز بھی آؤٹ فارم رہے اور  فیلڈرز بھی کسی سے پیچھے نہ رہے، ایونٹ میں سات کیچز ڈراپ کئے۔ تیز ترین ہزار رنز بنانے والے پاکستان کے اسٹار بلے باز فخر زمان تو جیسے بلا ہی چلانا بھول گئے ہوں۔ ٹورنامنٹ میں اسٹار بلے باز کا  بلا رنز اگلنے میں ناکام رہا اور پانچ میچز میں 56 رنز ہی اسکور کئے۔ کپتان سرفراز احمد بھی دھوکا دے گئے اور ٹیم کے لئے خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکے۔ قومی کپتان نے ایونٹ میں صرف 68 رنز بنائے۔ قومی کپتان کا کہنا تھا کہ بطور کپتان پرفارمنس اچھی نہیں رہی۔ سرفراز الیون کے اسٹار باؤلر محمد عامر کی سوئنگ بھی ٹیم کے کام نہ آئی۔ اسپیڈ اسٹار ٹورنامنٹ میں کوئی وکٹ بھی حاصل نہ کر سکے۔ حسن علی بھی اپنی پھرتی دکھانے میں ناکام رہے اور بلے بازوں کے لئے مشکل حریف ثابت نہ ہو سکے۔ انہوں نے ایونٹ میں صرف پانچ کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ اسٹار اسپنر شاداب خان بھی اپنی  اسپین کا جادو نہ دکھا سکے اور صرف چار وکٹیں ہی حاصل کر سکے۔