Tuesday, May 21, 2024

ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر کو ہم سے بچھڑے ایک برس بیت گیا

ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر کو ہم سے بچھڑے ایک برس بیت گیا
September 6, 2020
لاہور (92 نیوز) ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر کو ہم سے بچھڑے ایک سال مکمل ہو گیا۔ پوری دنیا میں گگلی ماسٹر کے نام سے مشہور عبدالقادر آج بھی اپنے کروڑوں مداحوں کے دلوں میں زندہ ہیں۔ ٹیسٹ کرکٹر عبدالقادر کو ہم سے بچھڑے ایک برس بیت گیا، کروڑوں دلوں پر راج کرنے والے سابق اسپنر نے ستر کی دہائی میں لیگ اسپن کے مشکل فن کو دوبارہ زندہ کیا۔ لیگ بریک فلپر اور گگلی کی وجہ سے عبدالقادر کو جادوگر اسپنر کہا جاتا تھا۔ عبدالقادر نے انیس سو ستتر سے انیس سو نوے تک تیرہ سالہ کیرئیر میں 67 ٹیسٹ میچوں میں 236 وکٹیں حاصل کیں جبکہ 104 ون ڈے انٹرنیشنل میچوں میں 132 شکار کئے۔ گگلی ماسٹر نے ٹیسٹ میچوں کی ایک اننگز میں پندرہ بار پانچ وکٹیں حاصل کی، سابق ٹیسٹ کرکٹر کو ایک میچ میں دس وکٹیں پانچ بار حاصل کرنے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ انگلینڈ کے خلاف 1987 میں قذافی اسٹیڈیم میں لیگ اسپنر نے ایک اننگز میں 56رنز دے کر 9 وکٹیں حاصل کیں، پاکستان نے یہ میچ ایک اننگز اور87 رنز سے جیتا۔ عبدالقادر 63 سال کی عمر میں 6 ستمبر 2019ء کو اس جہان فانی سے کوچ کر گئے۔ وفات کے بعد 14 اگست 2020 کو حکومت نے انہیں ستارہ امتیاز سے بھی نوازا۔