Friday, March 29, 2024

ٹیسٹ میں وائٹ واش کے بعد شاہینوں کو ون ڈے سیریز میں پروٹیز کا کڑا چیلنج درپیش

ٹیسٹ میں وائٹ واش کے بعد شاہینوں کو ون ڈے سیریز میں پروٹیز کا کڑا چیلنج درپیش
January 17, 2019
 جوہانسبرگ (92 نیوز) ٹیسٹ میں وائٹ واش کے بعد شاہینوں کو ون ڈے سیریز میں پروٹیز کا کڑا چیلنج درپیش ہے۔ قومی ٹیم نے پورٹ الزبتھ میں ڈیرے ڈال لیے۔ ٹیسٹ کے بعد ون ڈے سیریز کیلئے زخمی شاہین پروٹیز پر پلٹ کر وار کرنے کو تیار ہے۔ سرفراز الیون نے ون ڈے سیریز کے لیے پورٹ الزبتھ میں ڈیرے ڈال لیے۔ کرکٹرز آج بھرپور پریکٹس کریں گے۔ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان پانچ میچوں پر مشتمل ون ڈے  سیریز کا آغاز 19 جنوری سے ہو گا۔ شعیب ملک، عماد وسیم اور حفیظ نے اسکواڈ کو جوائن کر لیا۔ میزبان ٹیم نے پہلے دو میچوں کے لیے اسکواڈ کا اعلان کر دیا۔ جنوبی افریقہ نے ٹیسٹ سیریز میں شاندار پرفارمنس دکھانے والے فاسٹ باؤلر ڈیل اسٹین اور وکٹ کیپر بیٹسمین ڈی کوک کو پہلے دو میچز میں آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ جنوبی افریقہ نے تین ٹیسٹ میچز کی سیریز میں  پاکستان کو وائٹ واش کر دیا ۔ قومی ٹیم کسی میچ کی ایک بھی اننگز میں اچھی کار کردگی دکھانے میں ناکام رہی ۔ بلے باز ٹک کر  کھیل پائے نہ باؤلرز نے کوئی  دم خم دکھایا۔ جوہانسبرگ میں کھیلے جانے والے سیریز کے آخری میچ کے چوتھے دن قومی بلے باز پھر جلد بازی میں نظر آئے ،اسد شفیق 65 رنز بنا کر نمایاں رہے ،دوسرا کوئی بلے باز قابل ذکر کارنامہ انجام نہ دے سکا۔ شان مسعود 37، امام الحق 35 ،بابراعظم 21، فہیم اشرف 15 جب کہ کپتان سرفراز صفر پر پویلین لوٹ گئے ۔ حسن علی نے 22 رنز کی مزاحمت کی ، انہوں نے پاکستان کی جانب  سے اکلوتا چھکا بھی  جڑا۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم نے دوسری اننگز میں 303 رنز بنائے اور پہلی اننگز کے 77 رنز کی برتری کی بدولت پاکستانی ٹیم کو جیت کیلئے 381 رنز کا ہدف دیا۔ جنوبی افریقہ کی جانب سے ہاشم آملہ 71  ، ڈی کوک  129 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ جواب میں پاکستانی ٹیم 273 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی ۔ شاہینوں نے پہلی اننگز کھیلی تو’’تو چل میں آیا‘‘ کی روایت برقرار رکھی ۔ اوپنر شان مسعود  ساتویں گیند پر ہی فلینڈر کی گیند پر ڈی کوک کو کیچ تھما کر واپس لوٹ گئے ، اگلی ہی گیند پر اظہر علی بھی فلینڈر کی گیند پر ڈی کوک کو کیچ تھما بیٹھے ۔محمد عباس بھی 11رنز بنا کر ہمت ہار گئے جبکہ اسد شفیق  اولیور کی گیند پر بغیر کوئی رن بنائے پویلین لوٹ گئے۔