Wednesday, April 24, 2024

ٹی ٹی اسکینڈل ریفرنس، نیب نے شہباز شریف کےخلاف مزید ثبوت جمع کر لیئے

ٹی ٹی اسکینڈل ریفرنس، نیب نے شہباز شریف کےخلاف مزید ثبوت جمع کر لیئے
November 18, 2021 ویب ڈیسک

لاہور (92 نیوز) نیب نے ٹی ٹی اسکینڈل ریفرنس میں شہباز شریف کےخلاف مزید ثبوت جمع کر لئے۔

شہباز شریف خاندان ٹی ٹی اسکینڈل میں گرفتار ملزم علی احمد خان پر  نیب الزامات سامنے آ گئے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ملزم نے منی لانڈرنگ میں نہ صرف مدد کی بلکہ سہولت کاری بھی کی۔ ملزم علی احمد خان شہباز شریف کا بے نامی دار بھی ہے۔

رپورٹ کے مطابق ملزم 2010 سے 2018 تک ڈی جی پی آر اور چیف منسٹر ہاوس میں ملازم رہا۔ شہباز شریف نے ملزم کی بھرتی کے لیے رولز میں نرمی کی۔ دوران ملازمت ملزم نے دو بے نامی کمپنیز کی تشکیل میں مدد اور سہولت کاری کی۔

ملزم علی احمد خان کی نیب تحقیقات سے متعلق رپورٹ 92 نیوز  کو موصول ہو گئی۔ رپورٹ میں الزام لگایا گیا ہے کہ دو کمپنیز گڈ نیچر اور یونی ٹاس کے ذریعے 1884 ملین سے زائد کی منی لانڈرنگ کی گئی۔ علی احمد خان نے کمپنیز میں انویسٹمنٹ کے لیے بیرون ملک سے 41.335 ملین کی ترسیلات وصول کیں۔

ایف بی آر کے ریکارڈ کے مطابق 2016 میں ملزم کے کل اثاثوں کی مالیت 1.372 ملین تھی۔ بیرون ملک سے آنے والی ترسیلات سے ملزم کے اثاثوں کی مالیت 43.726 ملین تک پہنچ گئی۔

ملزم جسمانی ریمانڈ پر نیب کی تحویل میں ہے۔ یکم دسمبر کو احتساب عدالت میں دوبارہ پیشی ہو گی۔