Saturday, May 11, 2024

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے میچ آفیشلز پینل کا اعلان، وارم اپ میچز کا شیڈول بھی جاری

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کیلئے میچ آفیشلز پینل کا اعلان، وارم اپ میچز کا شیڈول بھی جاری
October 7, 2021 ویب ڈیسک

دبئی (92 نیوز) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا میلہ سجنے میں صرف دس روز باقی ہیں، قومی اسکواڈ میں شامل کھلاڑی کل لاہور کے مقامی ہوٹل میں 7روز کا قرنطینہ کریں گے۔

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا میلہ سجنے کو تیار،،16ٹیمیں ٹرافی کے حصول کے لیے جنگ لڑیں گی، ایونٹ میں شرکت کے لیے شاہینوں کی تیاریاں جاری ہے، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں قومی ٹیم کے باؤلنگ کنسلٹنٹ ورنن فلینڈر پاکستان پہنچ گئے۔ بیٹنگ کنسلٹنٹ میتھیو ہیڈن یو اے ای میں ٹیم کو جوائن کریں گے۔

ورلڈکپ اسکواڈ میں شامل کھلاڑی،انکے اہلخانہ اور اسپورٹنگ اسٹاف 8 اکتوبر کو لاہور کے مقامی ہوٹل میں سات روز کا قرنطینہ کریں گے، ٹیم 15 اکتوبر کو یو اے ای روانہ ہو گی۔

آئی سی سی نے ایونٹ کے لیے 16 امپائرز اور 4 میچ ریفریز پر مشتمل 20 رکنی میچ آفیشلز پینل کا اعلان کردیا۔ پاکستان کے علیم ڈار اور احسن رضا بھی امپائرز میں شامل ہیں۔

مین ایونٹ سے پہلے مختلف ٹیموں کے مابین وارم اپ میچز کا شیڈول بھی جاری کردیا۔ پاکستان 18 اکتوبر کو ویسٹ انڈیز اور 20 اکتوبر کو جنوبی افریقہ کے خلاف وارم اپ میچ کھیلے گا۔

ایونٹ 17 اکتوبر سے 14 نومبر تک یو اے ای اور اومان میں کھیلا جائے گا۔ پاکستانی ٹیم 24 اکتوبر کو روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ سے ورلڈکپ مہم کا آغاز کرے گا۔