Sunday, May 19, 2024

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، نیوزی لینڈ نے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو ہرا دیا

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ، نیوزی لینڈ نے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو ہرا دیا
November 11, 2021 ویب ڈیسک

دبئی (92 نیوز) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں انگلش ٹیم ٹائٹل کی دوڑ سے باہر ہو گئی۔ نیوزی لینڈ نے سیمی فائنل میں انگلینڈ کو ہرا دیا۔

جیمز نیشم اور ڈیرل مچل نے انگلش باؤلرز کے اوسان خطا کر دئیے۔ چھکوں اور چوکوں کی راہ دکھا کر نیوزی لینڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ فائنل میں پہلی بار جگہ بنا لی۔

نیوزی لینڈ کا آغاز نہایت مایوس کن تھا۔ ابتدا میں مارٹن گپٹل چلے نہ ہی کپتان کین ولیم سن۔ گپٹل چار اور ولیم سن 5 رنز کے مہان ثابت ہوئے۔ انگلش باؤلرز نے کیویز بلے بازوں کو بے بس کیے رکھا۔ دوسرے اینڈ سے ڈیل مچل ڈٹے رہے  اور انگلش باؤلرز کی خوب درگت بنائے رکھی۔

مچل نے 47 بالوں پر چار چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 72 رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو فائنل میں پہنچا دیا اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔

آخر میں آنے والے نیشم نے 11 بالوں پر تین چھکوں اور ایک چوکے کی مدد سے 27 رنز کی دھواں دار اننگز کھیلی ۔ میچ میں انگلش کرکٹرز کی شاندار فیلڈنگ نے کئی یقینی رنز اور آؤٹ روکنے کی کوشش کی۔

اس سے قبل انگلینڈ کی ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے چار وکٹوں کے نقصان پر ،166 رنز بنائے۔ معین علی کی 51 رنز کی بہترین اننگز رائیگاں چلی گئی۔ ڈیوڈ میلان 41، جوز بٹلر 29، بیرسٹو 13 ، لیونگ اسٹون 17 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

نیوزی لینڈ کی طرف سے ٹم ساؤتھی ،جیمز نیشم ،سوڈی اور ایڈم نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔