Friday, March 29, 2024

ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کی لاہور آمد

ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے پاکستان اور سری لنکا کی ٹیموں کی لاہور آمد
October 3, 2019
لاہور (ویب ڈیسک) ٹی ٹوئنٹی سیریز کیلئے پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں کراچی سے لاہور پہنچ گئیں۔ سیریز کے تینوں ٹی ٹوئنٹی قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔ پہلا میچ 5 اکتوبر کو ہو گا۔ اس سیریز کے لئے پی سی بی کی جانب سے ٹی 20 ٹیم کا اعلان کیاجا چکا ہے جس میں شامل ہونے والے تینوں کھلاڑی احمد شہزاد، عمر اکمل اور آل راؤنڈرفہیم اشرف پہلے ہی نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ٹریننگ کر رہے ہیں ۔ ٹی 20 سکواڈ میں جگہ نہ پانے والے قومی کرکٹ ٹیم کے تینوں کھلاڑی اپنی صوبائی ٹیموں میں واپس چلے جائیں گے اور قائداعظم ٹرافی کے میچوں میں حصہ لیں گے ۔ دونو ں ٹیمیں پریکٹس کی بجائے مقامی ہوٹل میں ہی قیام کریں گی تاہم جمعہ کے روز دونوں ٹیمیں نہ صرف قذافی سٹیڈیم میں پریکٹس کریں گی بلکہ دونوں ٹیموں کے کپتان پریس کانفرنس بھی کریں گے ۔ ٹی 20میچز کے دوران شٹل سروس کو قذافی سٹیڈیم کے اندر چلانے سے روک دیا گیا ہے ،اس بار قذافی سٹیڈیم کے اندر شہری پیدل اپنے گیٹ تک جائیں گے ، شہریوں کی سہولت کے لئے 38سپیڈو بسیں اور 20سے زائداے سی کوسٹرز فری شٹل سروس کا کام سر انجام دیں گی۔ ان گاڑیوں اور انکے ڈرائیوروں کی فہرست بھی انتظامیہ کو فراہم کر دی گئی ہے ۔ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ حساس اداروں کی جانب سے سکیورٹی خدشات کے پیش نظر اس بار قذافی سٹیڈیم کے اندر شٹل سروس کی سہولت نہ دینے کے بارے میں پی سی بی اور پنجاب حکومت کو تجویز پیش کی گئی جسے منظور کر لیا گیا ہے ۔ لاہور میں ہونے والے گزشتہ میچز کے دوران ہر بار قذافی سٹیڈیم کے اندر بھی شٹل سروس کی سہولت مہیا کی جاتی تھی تا کہ شہری باآسانی اپنے متعلقہ گیٹ پر اتر جائیں لیکن اس بار سکیورٹی خدشات کے پیش نظر یہ سہولت نہ دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔