Friday, April 19, 2024

ٹی او آرز کیلئے حکومتی، اپوزیشن اراکین پر مشتمل پارلیمانی کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری

ٹی او آرز کیلئے حکومتی، اپوزیشن اراکین پر مشتمل پارلیمانی کمیٹی کا نوٹیفکیشن جاری
May 24, 2016
اسلام آباد (92نیوز) پاناما لیکس پر پارلیمانی کمیٹی کے قیام کی گتھی بالآخر سلجھ ہی گئی۔ حکومت اور اپوزیشن کی طرف سے 6 نام موصول ہونے پر اسپیکر قومی اسمبلی نے بارہ رکنی پارلیمانی کمیٹی کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق پاناما لیکس کے انکشافات پر تحقیقات کیسے ہوں فیصلہ اب پارلیمنٹ میں ہی ہو گا۔ بارہ رکنی پارلیمانی کمیٹی کا پہلا اجلاس بدھ کے روز ہو گا۔ حکومت اور اپوزیشن کی طرف سے نام موصول ہونے پر اسپیکر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے باقاعدہ نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔ پارلیمانی کمیٹی پاناما پیپرز، آف شور کمپنیوں، قرضوں کی معافی اور کک بیکس کی تحقیقات کے لئے ٹی او آرز تیار کرے گی۔ اس بات کا فیصلہ بھی ہو گا کہ تحقیقات کا آغاز وزیر اعظم نواز شریف سے ہو یا تمام افراد کے حوالے سے بلاتفریق تحقیقات کی جائیں۔ حکومت کی طرف سے ٹی او آرز کی تیاری کے لئے پارلیمانی کمیٹی میں اسحق ڈار، اکرم درانی، میر حاصل بزنجو، خواجہ آصف‘ خواجہ سعد رفیق اور انوشہ رحمان شامل ہیں جبکہ اپوزیشن کی طرف سے اعتزازاحسن، شاہ محمود قریشی، صاحبزادہ طارق اللہ، بیرسٹر سیف، طارق بشیر چیمہ اور الیاس بلور کو شامل کیا گیا ہے۔ پارلیمانی کمیٹی کا پہلا اجلاس کل شام 4 بجے طلب کر لیا گیا ہے۔