Thursday, March 28, 2024

ٹی او آرز کیلئے بارہ رکنی کمیٹی کی پہلی بیٹھک‘ اپوزیشن کا زاہد حامد کی شمولیت پر اعتراض

ٹی او آرز کیلئے بارہ رکنی کمیٹی کی پہلی بیٹھک‘ اپوزیشن کا زاہد حامد کی شمولیت پر اعتراض
May 25, 2016
اسلام آباد (92نیوز) پاناما انکشافات پر ٹی او آرز کی تیاری کیلئے پارلیمانی کمیٹی کے پہلے اجلاس میں اپوزیشن نے حکومت کے ساتویں رکن کو قبول کرنے سے انکار کر دیا۔ کمیٹی کا کوئی سربراہ نہیں ہو گا اور ٹی او آر ووٹنگ کے بجائے اتفاق رائے سے منظورہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق پاناما انکشافات پر ٹی او آرز کی تیاری کیلئے پارلیمانی کمیٹی کا پہلا اجلاس اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی سربراہی میں ہوا جس میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے دوران حکومت اور اپوزیشن نے اپنے اپنے تیار کردہ ٹی او آرز کی نقول پیش کیں۔ حکومت نے چیف جسٹس آف پاکستان کا خط بھی اجلاس میں پیش کر دیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کمیٹی چھ‘ چھ ممبران پر مشتمل ہے لہٰذااس کا کوئی سربراہ نہیں ہوگا۔ اپوزیشن ارکان نے وزیرقانون زاہد حامد کی شمولیت کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔ اجلاس کے بعد میڈیا کوبریفنگ میں اعتزاز احسن کا یہ بھی کہنا تھا کہ تمام فیصلے اتفاق رائے سے کئے جائیں گے جو قومی اسمبلی میں پاس ہونے والی تحریک کی عبارت میں واضح ہے، کمیٹی بدھ کواپنی ترجیحات کا تعین کرے گی۔ حکومتی رکن میر حاصل بزنجو کا کہنا تھا کہ پارلیمنٹ مسائل کا حل نکالے گی۔ کمیٹی کا آغاز خوشگوار ہوا ہے، ووٹنگ نہیں اتفاق رائے سے فیصلے ہونگے۔ امکان ہے کہ معاملہ چندگھنٹوں میں حل ہوجائے گا۔ کمیٹی کے دوسرے اجلاس میں کمیٹی ممبران ہی شرکت کریں گے۔