Sunday, September 8, 2024

ٹی 10لیگ،پختونز نے ناردرن وارئرز کو 13رنز سے شکست دیدی

ٹی 10لیگ،پختونز نے ناردرن وارئرز کو 13رنز سے شکست دیدی
December 1, 2018
شارجہ ( 92 نیوز ) شارجہ کے میدان میں ٹی 10 لیگ کے رنگا رنگ مقابلے جاری ہیں ۔ اہم میچ میں  پختونز نے ناردرن وارئرز کو 13رنز سے شکست دے کر کوارٹرفائنل تک رسائی حاصل کر لی ۔ ناردرن وارئرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا جو کہ غلط ثابت ہوا ۔ پختونز کی جانب سے ابتدا سے ہی جارحانہ انداز اپنایا گیا ۔ گو کہ اوپنرز زیادہ دیر تک ٹک کر کھیل نہ پائے مگر   کپتان شاہد آفریدی نے میچ کا نقشہ ہی بدل دیا۔ اوپنر اینڈر فلچر  نے میچ کا پہلا چھکا لگا کر شائقین میں جو ش پیدا کیا ۔ انہوں نے 14 گیندوں پر 14رنز بنائے ۔ ساتھی اوپنر 3 گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے 5رنز بنا کر آؤٹ ہوئے ۔ بعد میں آنے والے شفیق اللہ نے 10 گیندوں پرایک چھکے اور تین چوکوں کی مدد سے 22رنز بنائے ۔ کولن انگرام نے بھی چار گیندوں پر ایک چھکے اور ایک چوکے کی مدد سے قیمتی 11رنز بنائے ۔ لائم ڈاؤسن نے 9 گیندیں کھیلیں اور دو چھکوں کی مدد سے 15 رنز بنائے ۔ پختونز کے کپتان شاہد آفریدی کریز پر آئے تو میدان بوم بوم کی آوازوں سے گونج اٹھا  ۔ شاہد خان آفریدی نے روایتی انداز میں کھیلتے ہوئے صرف 17 گیندوں پر 7 چھکوں اور 3 چوکوں کی مدد سے 59رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے ۔ ناردرن وارئرز 136رنز کے ہدف کے تعاقب میں  میدان میں اتری  تو اوپنر نیکولس پوران صرف 5 رنز بنا کرمحمد عرفان کا شکار ہو گئے ۔اینڈر رسل بغیر کوئی رن بنائے ہی پویلین لوٹ گئے ۔ اوپنر لینڈل سیمنز نے 24رنز بنائے ۔ رومین پاؤل نے اپنی ٹیم کو فتح سے ہمکنار کرنے کی سر توڑ کوشش کی   اور 38 گیندوں پر 9  چھکوں اور 4چوکوں کی مدد سے 80رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے ۔ پختونز نے فتح کیساتھ ہی کوارٹر فائنل تک رسائی بھی حاصل کر لی جب کہ کپتان شاہد آفریدی مین آف دی میچ قرار پائے ۔