Wednesday, April 24, 2024

ٹی 10 لیگ ،بنگال ٹائیگرز نے ناردرن وارئرز کو شکست دیدی

ٹی 10 لیگ ،بنگال ٹائیگرز نے ناردرن وارئرز کو شکست دیدی
November 22, 2018
شارجہ( 92 نیوز) شارجہ کامیدان ایک بار پھر چوکوں چھکوں سے سج گیا۔ ٹی 10 لیگ  کے تیسرے میچ میں بنگال ٹائیگرز نے ناردرن وارئرز کو شکست دے دی ۔ ناردرن وارئرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ  کیا ۔ بنگال ٹائیگرز نے مقررہ 10 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر  130رنز بنائے ۔ جس کے جواب میں ناردرن وارئرز  مقررہ 10 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر صرف 94 رنز بنا پائی ۔ بنگال ٹائیگرز کی جانب سے اوپنر جیسن رائے نے دھواں دار بلے بازی کا مظاہرہ کیا اور 29 گیندوں پر 3 چھکوں اور 6چوکوں کی مدد سے 60 رنز بنائے  اور ناقابل شکست رہے ۔ ساتھی اوپنر سنیل نارائن اچھا کھیل پیش نہ کر سکے اور 13 گیندوں پر دو چوکوں کی مدد سے 15 رنز بنا کر ہارڈس ویلجوئن کا شکار ہو گئے ۔ شرفین رودرفورڈ نے 21 گیندوں پر 4چھکوں اور 4 چوکوں کی مدد سے 47 رنز بنائے  اور ناٹ آؤٹ رہے ۔ ناردرن وارئرز کی جانب سے ہارڈس ویلجوئن دو اوورز میں 8 رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کر کے کامیاب ترین باؤلر رہے  جب کہ روی بوپارا دو اوورز میں بغیر کوئی وکٹ لئے 35 رنز دے کر مہنگے ترین باؤلر ٹھہرے ۔ ناردرن وارئرز  131رنز کے ہدف کے تعاقب میں میدان میں اتری تو اوپنرز کے علاوہ کوئی ٹک نہ سکا ۔ اوپنر لینڈل سیمنز 4 چھکوں اور 3 چوکوں کے ساتھ 44رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ ساتھی اوپنر ڈیوائن سمتھ 18رنز بنا کر ہمت ہار گئے ۔ اوپنر کے بعد کوئی بھی کھلاڑی جم نہ سکا اور ناردرن وارئرز کی وکٹوں کی پت چھڑ کا سلسلہ چل پڑا ۔ 4 کھلاڑی بغیر کوئی اسکور کئے ہی  پویلین لوٹ گئے ۔ نیکلز پوران 14 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان ڈیرن سیمی ایک اور وہاب ریاض12رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے ۔ بنگال ٹائیگرز کی جانب سے امیر یامین دو اوورز میں چار اسکور کے عوض چار وکٹیں حاصل کر کے کامیاب ترین باؤلر قرار پائے ۔ علی خان نے دو اوورز میں 37رنز دیکر ایک وکٹ حاصل کی ۔