Saturday, April 20, 2024

ٹھٹھہ میں کینجھر جھیل میں کشتی الٹنے سے پکنک منانے والے 13 افراد ڈوب گئے

ٹھٹھہ میں کینجھر جھیل میں کشتی الٹنے سے پکنک منانے والے 13 افراد ڈوب گئے
August 17, 2020
ٹھٹھہ (92 نیوز) ٹھٹھہ میں افسوس ناک واقعہ پیش آیا۔ کینجھر جھیل میں کشتی الٹنے سے پکنک منانے والے 13 افراد ڈوب گئے۔ کراچی سے پکنک منانے جانے والوں کا کینجھر جھیل کا تفریحی سفر موت کے سفر میں تبدیل ہو گیا۔ تیز ہوائوں کے سبب کشتی الٹْنے سے ایک ہی خاندان کی 12 خواتین اور ایک معصوم بچی جھیل میں ڈوب گئی۔ 10 لاشیں نکال لی گئیں جبکہ پاک بحریہ اور سول انتظامیہ کی کاوشوں کے نتیجے میں 3 خواتین کو زندہ بچا لیا گیا ۔ حادثے کا شکار ہونے والے خاندان کا تعلق کراچی کے علاقے محمود آباد سے تھا جہاں یہ افسوسناک خبر پہنچی تو لواحقین شدت غم سے نڈھال ہو گئے اور کہا ہمارا سب کچھ لٹ گیا، سب پانی کھا گیا،ہم سے بات نہیں ہو رہی۔ علاقہ مکین اور رشتے دار بھی غمزدہ نظر آئے، بولے یہ فیملی گزشتہ شب ہنسی خوشی پکنک منانے کیلئے روانہ ہوئی تھی، کیا پتا تھا ایسا حادثہ پیش آئے گا۔ جاں بحق ہونے والی 9 خواتین اور ایک بچی کی لاش مکلی سول اسپتال انتظامیہ نے ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دیں جہاں سے ایدھی ایمبولینسز کے ذریعے لاشیں کراچی روانہ کر دی گئیں۔