Tuesday, April 16, 2024

ٹھٹھہ میں 7 بچے دریائے سندھ میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق

ٹھٹھہ میں 7 بچے دریائے سندھ میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق
June 5, 2020
ٹھٹھہ (92 نیوز) ٹھٹھہ میں 7معصوم بچے دریائے سندھ میں نہاتے ہوئے ڈوب کر جاں بحق ہوگئے۔ غوطہ خوروں نے بچوں کو بچانے کیلئے دریا میں چھلانگ تو لگائی لیکن اس وقت تک بہت دیر ہوچکی تھی، ساتوں بچوں کی لاشیں نکال لی گئیں۔ گرمی کی شدت دوربھگانے کیلئے دریائے سندھ میں موج مستی کرنے والے 7بچے موت کے منہ میں چلے گئے۔ ٹھٹھہ سے50کلومیٹر دور جھرک شہر کے قریبی گائوں کے رہائشی سات بچے دریا میں نہاتے ہوئے گہرے پانی میں چلے گئے۔ موقع پر موجود دوسرے بچوں نے شور مچایا تو مقامی غوطہ خوروں نے آناً فاناً دریا میں چھلانگ لگا دی۔ لیکن اس وقت تک بہت دیرہو چکی تھی، غوطہ خوروں نے ایک گھنٹے کی جدوجہد کے بعد ساتوں بچوں کی لاشیں دریا سے نکال لیں۔ پولیس بھی جائے حادثہ پر پہنچی اور ضروری کارروائی کے بعد ساتوں بچوں کی لاشیں ورثاء کے حوالے کر دی گئیں۔ معصوم بچوں کی میتیں جب گائوں پہنچیں توکہرام مچ گیا۔ حکام کی لاپروائی کے باعث دریائے سندھ میں دوہفتوں کے دوران ڈوبنے والوں کی تعداد 12 تک پہنچ گئی ہے۔