Sunday, May 19, 2024

ٹھنڈی ہواؤں نے گرمی کا زور توڑ دیا، کئی مقامات پر بادل برس پڑے

ٹھنڈی ہواؤں نے گرمی کا زور توڑ دیا، کئی مقامات پر بادل برس پڑے
July 17, 2018
لاہور (92 نیوز) لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں بادلوں کا راج ہے۔ ٹھنڈی ہواؤں نے گرمی کا زور توڑ دیا۔ کئی مقامات پر بادل برس بھی پڑے۔ بادلوں نے صبح سویرے ہی مختلف شہروں کو لپیٹ میں لے لیا۔ گھنگھور گھٹائیں چھاتے ہی گرمی نو دو گیارہ ہوگئی۔ ٹھنڈی ہواؤں نے موسم خوشگوار بنا دیا۔ اسلام آباد  اور راولپنڈی میں رات سے  بارش  کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے ۔ آسمان سے گرتے پانی کی بوندوں نے موسم خوشگوار بنا دیا ۔ لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، ملتان، گوجرانوالہ، کوہاٹ، مردان، پشاور، مالاکنڈ، ہزارہ، سرگودھا، فیصل آباد، بہاولپور، ساہیوال، ملتان اور ڈی غازی خان میں بادل چھائے ہیں،، میرپورخاص، سکھر ، پھالیہ، علی پورچٹھہ، صوابی  بنوں، ڈی آئی خان، حیدرآباد، ژوب، قلات ڈویژن اور گلگت بلتستان میں بھی مطلع ابرآلود ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق بیشتر علاقوں میں آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلادھار بارش کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔