Saturday, May 11, 2024

ٹک ٹاک کی اوریکل کو فروخت کا معاملہ غیر معینہ مدت تک ملتوی

ٹک ٹاک کی اوریکل کو فروخت کا معاملہ غیر معینہ مدت تک ملتوی
February 11, 2021

نیو یارک ( ویب ڈیسک ) امریکانے چین کی کمپنی بائیٹ ڈانس کو ٹک ٹاک کی فروخت کیلئے چار دسمبر 2020 کی مہلت دی تھی جو گزرے دو ماہ ہو چکے ہیں ، اس وقت ٹرمپ انتظامیہ نے ایپ پر پابندی نہیں لگائی اور نہ ہی کوئی ایسا بیان جاری ہوا ۔

اب حالات سے لگتا ہے کہ امریکی صدر جوبائیڈن اس معاملے کو حتمی شکل دینے  میں دلچسپی لیتے نظر نہیں آرہے ، وال اسٹریٹ جرنل کی ایک رپورٹ کے مطابق ٹک ٹاک کی اوریکل  اور وال مارٹ کو فروخت کے معاملے کو غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کر دیا گیا ہے ۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ جوبائیڈن کی جانب سے چین کی ٹیکنالوجی کمپنیز بارے سکیورٹی خطرات کے حوالے سے سابق ادوار کی کوششوں پر نظر ٖثانی کی جائے گی۔حکام کے مطابق ٹک ٹاک کی فروخت ہو سکتی ہے ، مگر ایسا مختلف شرائط کے ساتھ ہوگا اور ہو سکتا ہے کہ ٹک ٹاک کو اپنا کاروبار فروخت کرنا ہی نہ پڑے ۔

کمپنی کی جانب سے فروخت کے متبادل کے طور پر ڈیٹا کو ایک قابل اعتماد تھرڈ پارٹی کو بھیجنے کا حل بھی تجویز کیا گیا ہے تاکہ یہ خدشہ نہ رہے کہ چینی حکومت امریکی شہریوں کی ذاتی تفصیلات حاصل کرسکتی ہے۔

سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈیٹا سیکیورٹی اور الگورتھمز کو جواز بناکر ٹک ٹاک کی فروخت کے احکامات جاری کیے تھے۔

انہوں نے ٹک ٹاک کی فروخت میں سے ایک حصہ امریکی خزانے میں جمع کرانے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔