Thursday, March 28, 2024

ٹک ٹاک نے فیس بک کو بھی پیچھے چھوڑ دیا

ٹک ٹاک نے فیس بک کو بھی پیچھے چھوڑ دیا
August 10, 2021 ویب ڈیسک

بیجنگ (ویب ڈیسک) چینی کمپنی کی زیر ملکیت مختصر ویڈیو شیئرنگ کی مقبول ایپ ٹک ٹاک نے ٹیکنالوجی کی دنیا میں فیس بک کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔

ٹیکنالوجی ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا ایپلیکیشنز کے درمیان صارفین کی تعداد بڑھانے کی جنگ جاری ہے، جس کا فائدہ کمپنیوں کو اشتہارات کی مد میں ہونیوالی آمدنی سے ہوتا ہے۔

تمام سوشل میڈیا کمپنیاں صارفین کے لیے آئے روز نت نئے فیچرز متعارف کرانے کی دوڑ میں شامل ہیں، اس کا مقصد صارف کو اچھی اور بہتر سہولت کے ساتھ ٹیکنالوجی کی دنیا میں اپنی اہمیت کو قائم و برقرار رکھنا ہے۔

گزشتہ چند سالوں میں دیگر سوشل پلیٹ فارمز کی طرح چینی کمپنی کی زیر ملکیت ٹک ٹاک کے صارفین کی تعداد بھی بہت زیادہ بڑھ گئی۔

اب ٹک ٹاک نے اس دوڑ میں فیس بک جیسی کمپنی کو بھی پیچھاڑدیا ہے، سال 2020 میں ہونے والے عالمی سروے کے مطابق ٹک ٹاک سائٹ ڈاؤن لوڈنگ کے مقابلے میں فیس بک سے کہیں آگے نکل گئی ہے۔

سوشل میڈیا سے متعلق 2018 میں پہلی تحقیقی رپورٹ شائع کرنے والے ادارے نکی ایشیا نے نئے اعداد و شمار جاری کیے ہیں، جس کے مطابق 2017 میں متعارف ہونے والی مختصر ویڈیو شیئرنگ ایپلیکیشن ٹک ٹاک نے ناصرف فیس بک بلکہ واٹس ایپ، انسٹاگرام اور فیس بک میسنجر کو بھی ڈاؤن لوڈنگ میں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

رپورٹ میں حیران کن انکشاف کے مطابق امریکا میں بھی ٹک ٹاک کے صارفین کی تعداد فیس بُک اور اُس کی زیر ملکیت کمپنیوں (واٹس ایپ، انسٹاگرام، میسنجر) سے زیادہ ہے۔