Friday, April 26, 2024

ٹڈی دل کے غول سندھ میں فصلوں کا صفایہ کرنے لگے

ٹڈی دل کے غول سندھ میں فصلوں کا صفایہ کرنے لگے
May 3, 2020
 کراچی (92 نیوز) اندرون سندھ میں ٹڈی دل کے لشکر کے لشکر کسانوں کیلئے وبال جان بنے ہوئے ہیں۔ ٹڈی دل کے غول سندھ میں فصلوں کا صفایہ کرنے لگے۔ دادو میں ٹڈیوں نے ضلع بھر کے چھوٹے بڑے علاقوں میں کھڑی فصلیں چٹ کر دیں۔ ٹڈی دل کے حملے سے فصلوں کو محفوظ بنانے کیلئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے کوئی انتظامات نہیں کئے گئے ۔ فصلوں کے متاثر ہونے پر آبادگار اور کاشتکارشدید پریشانی میں مبتلا ہیں۔ ڈہرکی میں ٹڈی دل نے شہری آبادی سے دیہی علاقوں کا رخ کرلیا جہاں کھڑی فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ قمبر میں ٹڈی دل  نے میروخان میں فصلوں پر حملہ  کر کے گندم، جوار، ٹماٹر کی فصلوں کو نقصان پہنچایا۔ گاؤں جمال خان، شاہ پور کھوکھر، علی نواز، بھنبو خان شدید متاثر ہوئے ہیں۔ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ٹویٹ میں وفاقی حکومت کو پھر تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ملک بھر میں ٹڈی دل کے حملے کے وقت ایک بار پھر وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ لاپتہ ہیں۔ گزشتہ برس ہماری متعدد درخواستوں کے باوجود صوبوں کو ٹڈی دل کے رحم و کرم پر چھوڑ دیا گیا تھا، اگر وفاقی حکومت پھر ناکام ہوئی تو ٹڈی دل کے حملے کی صورت میں ایک اور سانحہ جنم لے رہا ہے۔ ہفتے کے روز وزیراعلیٰ سندھ نے وفاقی حکومت کو خط لکھا تھا جس میں  ٹڈی دل کے خلاف اسپرے کیلئے 6 ہیلی کاپٹرز دینے کی درخواست کی گئی تھی۔ مراد علی شاہ نے اپنے خط میں خدشہ ظاہر کیا تھا کہ 15 مئی کے بعد ایران سے آنے والے ٹڈی دل کے لشکر فصلوں پر شدید حملہ کرسکتے ہیں۔