Sunday, May 12, 2024

ٹڈی دل کے حملوں سے پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا کے 15 سے زائد اضلاع متاثر

ٹڈی دل کے حملوں سے پنجاب، سندھ اور خیبرپختونخوا کے 15 سے زائد اضلاع متاثر
May 7, 2020
رحیم یار خان (92 نیوز) ٹڈی دل نے سندھ، پنجاب اور خیبرپختونخوا میں تباہی مچادی، پنجاب اور سندھ کے 15 سے زائد اضلاع متاثر ہوئے، صحرائی علاقوں میں فصلیں چٹ کرنے کے بعد ٹڈی دل نے شہری آبادیوں کا بھی رخ کرلیا۔ ٹڈی دل کاشتکاروں کیلئے بھیانک خواب کی تعبیر بن گیا، سندھ، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں بڑے پیمانے پر تباہی مچ گئی، پنجاب اور سندھ کے 15 اضلاع بری طرح متاثر ہوئے، خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت اور دیگر مقامات پر ٹڈی دل نے فصلوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچایا۔ خیرپور میں ٹڈی دل نے گنا، کپاس اور دیگر فصلوں کو نقصان پہنچایا، گھوٹکی کے صحرائی علاقو‍ں میں تباہی کے بعد ٹڈیوں نے شہری آبادی کا رخ کرلیا، عفریت نے ایک بار پھر سے رحیم یار خان کے کھیتوں کا رخ کر لیا۔ وزیرزراعت سندھ اسماعیل راہو نے کہا ٹڈی دل کو بروقت کنٹرول کرنا ضروری ہے، یہ اچانک نہیں پچھلے سال سے پہنچا، 15 اضلاع میں ٹڈی دل موجود ہے، بارشیں ہوں گی تو ٹڈی دل کی افزائش ہوگی۔ زرعی ماہر ڈاکٹر عامر رسول کا کہنا ہے ٹڈی دل کا سب سے اہم معاملہ اس کی مائیگریشن کو روکنا ہے، ان ٹڈیوں کو بلوچستان میں روکا جائے، اگر زرعی علاقوں میں ٹڈی دل آگیا تو کنٹرول کرنا مشکل ہوجائے گا۔ ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے ترکی سے لائے گئے اسپریئر جہاز کی اسمبلنگ کا کام شروع ہوگیا جو ایک ہفتے میں مکمل کرلیا جائے گا، جہاز وزارت فوڈ سکیورٹی کے حوالے کیا جائے گا تاکہ متاثرہ علاقوں میں کیمیائی اسپرے کیا جاسکے۔ زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے سائنسدانوں نے27سال بعد ٹڈی دل کے خاتمے کیلئے تجربات شروع کردیئے، پنجاب حکومت سے 300 ملین روپے فنڈز بھی مانگ لئے، سائنسدانوں کا کہنا ہے ٹڈی دل ایک دن میں 35 ہزار افراد کا کھانا کھاجاتا ہے، سال میں دو بار افزائش ہوتی ہے، ٹڈی دل کا خاتمہ نہ ہوا تو غذائی قلت ہوگی۔