Thursday, April 25, 2024

ٹڈی دل نے دادو، خیرپورناتھن شاہ اور جوہی سمیت کئی علاقوں میں فصلیں اجاڑ دیں

ٹڈی دل نے دادو، خیرپورناتھن شاہ اور جوہی سمیت کئی علاقوں میں فصلیں اجاڑ دیں
May 20, 2020
 دادو (92 نیوز) ٹڈی دل کے سندھ اور جنوبی پنجاب میں حملے جاری ہیں۔ ٹڈی دل نے دادو، خیرپورناتھن شاہ اور جوہی سمیت کئی علاقوں میں فصلیں اجاڑ دیں۔ انسانی خوراک کی دشمن ٹڈی دل نے پنجاب اور سندھ کے کئی علاقوں میں تباہی مچا دی۔ ہزاروں ایکٹر رقبے پر فصلوں اور سبزیوں کو چٹ کر دیا۔ ٹڈی دل کے حملوں سے قحط سالی کا خدشہ پیدا ہو گیا۔ جنوبی پنجاب کے علاقہ یزمان منڈی میں ٹڈیوں کا ایک بار پھر فصلوں پر حملہ ہوا، سیکڑوں ایکٹر پر کاشت کپاس کی فصل تباہ کر دی۔ پنجاب کا سب سے بڑا جنگل نیشنل پار ک بھی متاثر ہوا ، ٹڈی دل سے بچاؤ کیلئے مقامی کسانوں کی اپنی مدد آپ کےتحت کوششیں جاری ہیں۔ سرکاری محکمے کا کوئی اہلکار کسانوں کی مدد کو نہ پہنچا۔ ٹڈی دل کے تدارک کیلئے اقدامات نہ ہونے پر کسانوں نے احتجاج بھی کیا۔ سندھ کے علاقہ شاہپور چاکر اور گردونواح میں ٹڈی دل نے مونگ، کپاس اور دیگر فصلوں کو چٹ کر دیا۔ کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ حکومت نے اسپرے نہ کیا تو ساری فصلیں ختم ہو جائیں گی۔ قمبر اور اطراف کے علاقوں میں ایک بار پھر ٹدی دل کی یلغار جاری ہے۔ گندم اور چارے سمیت دیگر فصلیں شدید متاثر ہوئیں۔ ٹڈی دل کا لاکھوں کی تعداد میں جھنڈ دادو بھی پہنچ گیا۔ خیرپور ناتھن شاہ، میہڑ اور جوہی سمیت ضلع بھر میں فصلوں پر اور سبزیوں پر حملے جاری ہیں۔ ٹڈیوں کی تباہ کاریوں سے  قحط سالی کا خطرہ ہے۔ کسانوں نے ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے اسپرے کروانے کا مطالبہ کر دیا۔