Saturday, April 27, 2024

ٹڈاپ سکینڈل : امین فہیم کے چوتھی بار ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری، یوسف رضا کی توثیق ضمانت ملتوی

ٹڈاپ سکینڈل : امین فہیم کے چوتھی بار ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری، یوسف رضا کی توثیق ضمانت ملتوی
October 22, 2015
کراچی (92نیوز) سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ آئین کی رو سے ان کو استثنیٰ حاصل ہے ۔ ان کے خلاف ایک وعدہ معاف گواہ کی بنیاد پر اکیس کیسز بنائے گئے ہیں۔ اس طرح کے اقدامات سے حکومت نہیں چل سکتی۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں اینٹی کرپشن کی عدالت میں ٹڈاپ کرپشن اسکینڈ ل کی سماعت ہوئی۔ سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے شکوہ کیا کہ ٹڈاپ اسکینڈ ل میں صرف انہیں ہی نشانہ کیوں بنایا جارہا ہے۔ کارپوریشنز کے چیئرمین، بورڈ آف ڈائریکٹرز اور آڈیٹرز کہاں چلے گئے۔ انہوں نے حکومت کو تنبیہ کی کہ ایسے اقدامات سے حکومت نہیں چلا کرتی۔ یوسف رضا گیلانی نے اپنی تعریف خود ہی کرتے ہوئے کہا کہ کون سا وزیر اعظم میری طرح عدالت میں پیش ہوا ہے۔ مجھے آئین کے تحت استثنیٰ حاصل ہے ۔ یوسف رضا گیلانی کے وکیل فاروق ایچ نائیک بھی بولے کے بکری چوری کا مقدمہ بھی درج کیا جارہا ہے۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد 19 نومبر تک یوسف رضا گیلانی کی ضمانت میں توثیق سے متعلق فیصلہ محفوط کرلیا۔ ٹڈاپ کرپشن اسکینڈل میں ہی عدالت نے سابق وفاقی وزیر مخدوم امین فہیم کے چوتھی بار ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے۔