Friday, May 3, 2024

ٹویٹر نے صارفین کیلئے ٹویٹ کے حروف میں انقلابی تبدیلیاں لانے کا عندیہ دیدیا

ٹویٹر نے صارفین کیلئے ٹویٹ کے حروف میں انقلابی تبدیلیاں لانے کا عندیہ دیدیا
May 17, 2016

لندن (ویب ڈیسک) ٹویٹر نے 140 حروف پر مشتمل ٹویٹ سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے صارفین کیلئے بڑا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ٹویٹر نے صارفین کی سہولت کیلئے تصاویر اور لنکس کو ٹویٹ کے حروف کے علاوہ شمار کرنے کا عندیہ دیا ہے۔

اس سے قبل 140 حروف پر مشتمل ٹویٹ میں جب کوئی تصویر یا لنک شامل کیا جاتا تھا تو حروف کی تعداد کم ہو جاتی تھی جس سے صارفین کو اس پر کیپشن لکھنے یا تبصرہ کرنے کیلئے حروف کی گنجائش ہی نہ بچتی تھی۔

بلومبرگ کا کہنا ہے کہ ٹویٹ کے حروف میں تصاویر اور کہانیوں کے لنکس کو شمار نہیں کیا جائے گا جس کا مطلب ہے کہ کوئی بھی صارف 140 حروف استعمال کرنے کا حقدار ہو گا۔

بلومبرگ کے مطابق اس تبدیلی کا اطلاق دو ہفتوں میں ہو جائے گا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل کئی بار ٹویٹ کے حروف کی تعداد میں اضافے کی خبریں گردش کرتی رہی ہیں۔ گزشتہ برس جون میں ٹویٹر نے ٹویٹ کی حد 10ہزار حروف تک بڑھانے کا اعلان کیا تھا مگر اس اعلان کو عملی جامہ نہ پہنایا جا سکا۔ دوسری جانب ٹویٹر نے بلومبرگ کی رپورٹ پر کوئی بھی تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔