Friday, May 10, 2024

ٹوکیو اولمپکس میں میڈل حاصل کرکے قوم کا نام روشن کروں گا، ایتھلیٹ ندیم ارشد

ٹوکیو اولمپکس میں میڈل حاصل کرکے قوم کا نام روشن کروں گا، ایتھلیٹ ندیم ارشد
July 20, 2021

لاہور (92 نیوز) قومی ایتھلیٹ ندیم ارشد کہتے ہیں ٹوکیو اولمپکس میں میڈل حاصل کرکے قوم کا نام روشن کروں گا، ماحور شہزاد اور محمد خلیل اختر ٹوکیو اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں قومی پرچم اٹھائیں گے۔ 

کورونا کے سائے میں ٹوکیو اولمپکس کے آغاز میں صرف تین روز باقی ہیں۔ ٹوکیو اولمپکس میں شرکت کرنے والے دس پاکستانی کھلاڑیوں اوربارہ آفیشلز میں سے بعض اتھلیٹس ٹوکیو پہنچ چکے ہیں۔ باقی پاکستانی کھلاڑی اورآفیشلزاگلے دو سے تین روز میں ٹوکیو روانہ ہوں گے۔

بیڈمنٹن اسٹار ماحور شہزاد اور شوٹر محمد خلیل اختر ٹوکیو اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں قومی پرچم اُٹھا کر مارچ پاسٹ کریں گے۔

ٹوکیوروانگی سے قبل جیولین تھرو کے مقابلے میں پاکستان کی نمائندگی کرنیوالے ندیم ارشد کے اعزاز میں لاہور میں تقریب سجائی گئی،قومی ایتھلیٹ کا کہنا تھا تیاری بہت اچھی ہے، قوم کو مایوس نہیں کروں گا۔

پاکستان اتھلیٹکس فیڈریشن کے صدر اکرم ساہی نے کہا، فیڈریشن نے اپنی بساط سے بڑھ کر ندیم ارشد کو ملکی اور غیر ملکی کوچز سے تیاری کرائی۔

ٹوکیو اولمپکس کا آغاز 23 جولائی سے ہوگا۔ پاکستانی کھلاڑی بیڈمنٹن، جیولین تھرو، شوٹنگ، جوڈو، سوئمنگ، ویٹ لفٹنگ اور اتھلیٹس میں حصہ لیں گے۔