Friday, April 19, 2024

ٹوکیو اولمپکس ملتوی کرنے کے لیے آوازیں بلند ہونے لگیں

ٹوکیو اولمپکس ملتوی کرنے کے لیے آوازیں بلند ہونے لگیں
March 22, 2020
انڈیانا پولیز (92 نیوز) ٹوکیو اولمپکس کو ملتوی کرنے کے لیے آوازیں بلند ہونے لگیں، امریکی ایتھلیٹس فیڈریشنز کی جانب سے کورونا وائرس کے باعث ایونٹ کو ملتوی کرنے کا مطالبہ سامنے آگیا، دوسری جانب کورونا کے کھلاڑیوں پر کورونا کے وار جاری ہیں، اسپینش کلب ریال میڈرڈ کے سابق صدر لورینزوسانز کورونا کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے۔ انٹر نیشنل اولمپکس کمیٹی پر ٹوکیو اولمپک کو ملتوی کرنے کا دباؤ بڑھنے لگا، ایتھلیٹس کے بعد امریکا کی ایتھلیٹس تنظیموں کی جانب سے ٹوکیو اولمپکس کو ملتوی کرنے کے مطالبے بڑھنے لگے، امریکا کی یو ایس ٹریک اینڈ فیلڈ فیڈریشن نے ٹوکیو اولمپکس کو ملتوی کرنے کا مطالبہ کردیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی کہا ہے جاپان کو کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر ایونٹ کو ملتوی کرنے کا بڑا فیصلہ کرنا ہوگا، ایونٹ 24 جولائی سے جاپان میں شروع ہونا ہے۔ دوسری جانب کورونا کے کھلاڑیوں پر وار بھی جاری ہیں، اٹالین فٹبال لیگ میں یووینٹس کلب کی نمائندگی کرنے والے پاؤلا ڈیبالا بھی کورونا کا شکار ہو گئے، پاؤلا ڈیبالا کورونا کا شکار ہونے والے یووینٹس ٹیم کے تیسرے کھلاڑی ہیں۔ اٹلی فٹ بال ٹیم کے سابق کپتان پاولو مالدینی بھی کورونا کے شکار سے نہ بچ سکے، اسپینش فٹ بال کلب ریال میڈرڈ کے سابق صدر لورینزو سانز کورونا وائرس سے جان کی بازی ہار گئے۔