Friday, April 19, 2024

ٹوکیو اولمپکس، اکلوتے میڈل کی امید لیے ارشد ندیم آج میدان میں اتریں گے

ٹوکیو اولمپکس، اکلوتے میڈل کی امید لیے ارشد ندیم آج میدان میں اتریں گے
August 7, 2021 ویب ڈیسک

ٹوکیو (92 نیوز) پاکستانی قوم کے دلوں کی دھڑکنیں تیزہونے لگیں، ٹوکیو اولمپکس میں اکلوتے میڈل کی امید لیے ارشد ندیم آج میدان میں اتریں گے، جیولین تھرو میں پاک بھارت ٹاکرے پر سب کی نظریں لگ گئیں۔

29 سال بعد اولمپکس میں پاکستان کی میڈل جیتنے کی امیدیں روشن ہیں، پاکستانی قوم نے ارشد ندیم سے امیدیں وابستہ کر لیں۔

ارشد ندیم آج ٹوکیواولمپکس میں جیولین تھروکے فائنل میں ان ایکشن ہونگے، مقابلہ پاکستانی وقت کے مطابق شام چار بجے ہوگا۔

ارشد ندیم نے کوالیفائنگ راؤنڈ کی پہلی کوشش میں 78.5 میٹر تک نیزہ پھینکا دوسری باری میں 85.16 کی تھرو کرکے فائنل کیلئے براہ راست کوالیفائی کرلیا۔ ارشد ندیم جیولن تھرو کوالیفائنگ راؤنڈ کے گروپ بی میں ٹاپ پوزیشن پر رہے۔

فائنل میں ارشد ندیم کا مقابلہ روایتی حریف بھارت کے نیرج چوپڑا اور جرمنی کے جوہانیس ویٹر کا سکٹ چیلنج در پیش ہو گا۔ پاکستان ہاکی کے سابق کپتانوں اولمپین اصلاح الدین اور اولمپین شہباز سینئر نے ارشد ندیم کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

لاہور میں پنجاب سپورٹس بورڈ کی جانب سے مقابلہ بڑی اسکرین پردکھایا جائے گا۔

ٹوکیو اولمپکس 2020 کے جیولن تھرو ایونٹ کے فائنل راؤنڈ کے لئے کوالیفائی کرنے والے ایتھلیٹ ارشد ندیم کی کامیابی کے لئے پوری قوم دعا گو ہے۔

ارشد ندیم کے آبائی علاقہ میں ان کے عزیز و اقارب ان کے گھر پہنچانا شروع ہو چکے ہیں اور وہ پُراُمید ہیں کہ ان کی دھرتی کا سپوت اچھی کارکردگی دکھائے گا۔

ارشد ندیم نے 2019 میں نیپال میں ساؤتھ ایشین گیمز میں 86 اعشاریہ 29 میٹر رود نیزہ پھینک کر نیا ریکارڈ بنایا تھا، اسی کارکردگی کی بنیاد پر انہوں نے براہ راست ٹوکیو اولمپکس کے لئے کوالیفائی کیا۔

ارشد ندیم کے دوست احباب کا کہنا ہے کہ میاں چنوں کے نواحی گاؤں 101 پندرہ ایل کے راج مستری کا بیٹا پوری دنیا پر راج کرے گا اور جاپان سے میڈل جیت پوری دنیا میں پاکستان کا نام روشن کرے گا۔