Friday, April 26, 2024

ٹوکیو اولمپکس ، امریکا نے 39 گولڈ میڈلز کے ساتھ میدان مار لیا

ٹوکیو اولمپکس ، امریکا نے 39 گولڈ میڈلز کے ساتھ میدان مار لیا
August 8, 2021 ویب ڈیسک

ٹوکیو (92 نیوز) ٹوکیو اولمپکس 2020 میں کھیلوں کے مقابلے اختتام پذیر ہو گئے۔ امریکا نے 39 گولڈ میڈلز کے ساتھ میدان مار لیا۔

اختتامی تقریب میں فنکاروں نے اپنے فن سے سماں باندھ دیا  جبکہ آتش بازی کے شاندار مظاہرے سے ٹوکیو کا اولمپک اسٹیڈیم روشنیوں میں سما گیا۔ اختتامی تقریب میں آئی او سی کے صدر تھامس باخ سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔

امریکا کے ایتھلیٹ نے سب کو پیچھے چھوڑتے ہوئے سب سے زیادہ میڈلز جیتے۔ امریکا نے 39 گولڈ ،41 سلور ،33 کانسی کے میڈل جیتے اور مجموعی 113 میڈل حاصل کر کے پہلے نمبر پر رہا۔

چین 38 گولڈ ،32 چاندی اور اور 18 کانسی کے تمغے جیت کر دوسرے نمبر رہا ۔ میزبان جاپان نے 27 طلائی ،14 چاندی اور 17 کانسی کے میڈل جیت کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔ برطانیہ نے چوتھی پوزیشن حاصل کی۔

پاکستان کے 10 ایتھلیٹ نے ٹوکیو اولمپکس میں حصہ لیا لیکن کوئی  بھی ایتھلیٹ میڈل نہ جیت سکا۔ ارشد ندیم  نے جیولین تھرو اور   طلحہ طالب نے ویٹ لفٹنگ میں  پانچویں پوزیشن حاصل کی۔

ٹوکیو اولمپکس کے سولہ دنوں میں مجموعی 33 کھیلوں کے مقابلے ہوئے۔ کورونا وائرس کی وجہ سے مقابلے محددو شائقین اسٹیڈیم میں دیکھ سکے ۔

ٹوکیو اولمپکس کا شعلہ بجھا دیا گیا ،جبکہ 2024 کے  لیے اولمپکس کا جھنڈا پیرس کو دے دیا گیا ۔ اس موقع پر ایفل ٹاور کے باہر پیرس کے عوام نے جشن منایا ۔