Thursday, March 28, 2024

ٹوکیو اولمپکس 2020 ایک سال کیلئے ملتوی ‏

ٹوکیو اولمپکس 2020 ایک سال کیلئے ملتوی ‏
March 24, 2020

ٹوکیو ( 92 نیوز) کورونا کا وار اولمپکس پر بھی ہو گیا، انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی نے کورونا وائرس کے پیش نظر ٹوکیو اولمپکس 2020 کو ایک سال کے لیے ملتوی کردیا، انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی  اور جاپانی وزیراعظم  شینزو ابے کوروناوائرس کے سبب ٹوکیو اولمپکس ایک سال کیلئے ملتوی کرنے پر رضامند ہوگئے، نئے شیڈول کے مطابق ٹوکیو اولمپکس  اب 2021کے موسم گرما میں ہونگے۔

انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی کے اعلامیے  کے مطابق ٹوکیو اولمپکس 2020 کو موخر کرنےکا فیصلہ ایتھلیٹس کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا، مقابلوں کے انعقاد تک اولمپکس مشعل جاپان میں رہے گی۔

جاپانی وزیر اعظم شینزوابے  کہتے ہیں  کورونا وائرس کے باعث اولمپکس ملتوی ہونے سے ایتھلیٹس  بہتر انداز میں مقابلہ کرسکیں گے اور  تماشائیوں کو بھی  محفوظ   اور خطرے سے پاک ماحول میسر آئے گا ۔ ٹوکیو کی گورنریوریکو کوئیکو نےاولمپکس  کا ملتوی ہونا ایتھلیٹس  کے لیے بڑی خبر  قرار دیا ۔

اس سے پہلے امریکی اولمپک آرگنائزرز نے بھی کورونا وائرس کے باعث ٹوکیو اولمپکس ملتوی کرنے کا مطالبہ کیا تھا جبکہ کینیڈا  ،برطانیہ اور آسٹریلیا نے ٹوکیو اولمپکس میں   اپنی ٹیمیں بھیجنے سے انکار کر دیا تھا،مختلف ایتھلیٹس کا بھی کہنا  تھا وہ  کوئی سپر ہیرو نہیں  ، اولمپک کو ملتوی کردینا چاہیے۔

ٹوکیو اولمپکس 2020  رواں سال چوبیس جولائی سے نو اگست تک جاپان کے شہر ٹوکیو میں ہونا تھے ،نئے شیڈول کے مطابق ٹوکیو اولمپکس 2021 کے موسم گرما میں ہونگے۔