Friday, May 17, 2024

ٹوئٹر پر نیا فیچر، نفرت انگیز مواد خود بخود بلاک ہوجائیگا

ٹوئٹر پر نیا فیچر، نفرت انگیز مواد خود بخود بلاک ہوجائیگا
September 2, 2021 ویب ڈیسک

کیلیفورنیا (ویب ڈیسک) ٹوئٹر نے اعلان کیا ہے کہ نفرت انگیز پیغامات کو خود بخود بلاک کرنے کے لیے ایک نئے فیچر پر کام کر رہا ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے کے مطابق ٹوئٹر نے کہا ہے کہ ابتدائی طور پر انگریزی بولنے والے صارفین کی ایک چھوٹی سے تعداد پر اس فیچر کا ٹیسٹ ہوگا۔

ٹوئٹر نے کہا ہے کہ اس فیچر میں کمزور طبقات اور خواتین صحافیوں کو ترجیح دی جائے گی۔ یہ وہ افراد ہیں جو اکثر نامناسب سلوک کا شکار ہوتے ہیں۔‘ ہم ناپسندیدہ بات چیت سے نمٹنے والے لوگوں پر بوجھ کو کم کرنا چاہتے ہیں، ہمارا پلیٹ فارم صحت مندانہ گفتگو کے لیے پرعزم ہے۔’

دیگر سوشل میڈیا کے اداروں کی طرح ٹوئٹر نے بھی اپنے صارفین کو نفرت انگیز، نسل پرست، ہم جنس پرست اور جنسی پیغامات سے متعلق پوسٹس رپورٹ کرنے کی سہولت دی ہے۔

تاہم آن لائن مہم چلانے والوں نے طویل عرصے سے شکایت کی ہے کہ ٹوئٹر کی پالیسی میں ایسی خامیاں ہیں جو کئی کیسز میں پرتشدد اور امتیازی کمنٹس کو آن لائن ہی رہنے دیتی ہیں۔

نئے فیچرز میں سیفٹی موڈ حال ہی میں متعارف کرایا گیا ہے جو ٹوئٹر صارفین کو بات چیت کے لیے مزید کنٹرول فراہم کرتا ہے۔

ٹوئٹر نے پہلے بھی اس قسم کے اقدامات لیے تھے جس میں صارفین کو سہولت حاصل تھی کہ وہ ٹویٹ کے جواب کے آپشن کو محدود کر سکتے ہیں۔

سیفٹی موڈ آٹو بلاکس کو سیٹنگ میں کسی بھی وقت تبدیل کیا جا سکتا ہے۔

ٹوئٹر نے کہا ہے کہ اس نے اس نئے فیچر کو بنانے کے لیے آن لائن، ذہنی صحت اور انسانی حقوق کے ماہرین سے مشورہ کیا تھا۔