Thursday, April 25, 2024

ٹوئٹر نے رحمن ملک کیخلاف بھارتی شکایت رد کردی

ٹوئٹر نے رحمن ملک کیخلاف بھارتی شکایت رد کردی
September 3, 2019
اسلام آباد (نیٹ نیوز)سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر نے بھارت کی درخواست پر پیپلزپارٹی کے سینیٹر اور سابق وزیرداخلہ رحمٰن ملک کے ذاتی ٹوئٹر اکاؤنٹ کو بلاک کرنے سے انکار کردیا۔ اس حوالے سے ترجمان رحمٰن ملک ریاض علی طوری نے بتایا کہ ٹوئٹر نے بھارتی شکایت کو جھوٹ کا پلندہ قرار دیا اور ویب سائٹ نے سینیٹر رحمٰن ملک کے خلاف شکایت کو رد کردیا۔ سابق وزیرداخلہ کی جس ٹویٹ پر ٹوئٹر کو شکایت موصول ہوئی وہ ٹویٹ 13 اگست 2019 کو کیا گیا تھا۔اس ٹویٹ کے ٹیکسٹ کے حوالے سے بتایا گیا کہ بھارتی نے فوج مقبوضہ کشمیر میں دیہات پر حملے لیے گن شپ ہیلی کاپٹرز استعمال کیا، کشمیر میں مکمل بلیک آؤٹ لیکن بہادر کشمیری ویڈیوز بھیجنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ساتھ ہی ٹویٹ میں لکھا تھا کہ 'اس حملے سے درجنوں، مرد، عورت اور بچے مارے گئے ، اقوام متحدہ کا ایکشن اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی کہاں ہے ۔ ٹوئٹر انتظامیہ نے اپنے جواب میں لکھا کہ ہم نے رپورٹ کئے گئے مواد کا جائزہ لیا اور ہم نے اسے ٹوئٹر رولز یا قابل اطلاق قوانین کی خلاف ورزی نہیں پایا، لہٰذا اس وقت کوئی ایکشن نہیں لیا جارہا۔