Monday, May 20, 2024

ٹوئٹر تصدیق شدہ اکاؤنٹس کے لیے قواعد و ضوابط میں ترامیم کریگا

ٹوئٹر تصدیق شدہ اکاؤنٹس کے لیے قواعد و ضوابط میں ترامیم کریگا
May 21, 2021

کیلیفورنیا (ویب ڈیسک) سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر تصدیق شدہ اکاؤنٹس کے لیے قواعد و ضوابط میں ترامیم کرنے جا رہا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق تصدیق شدہ اکاؤنٹس کو ملنے والے نیلے بیج کا حصول زیادہ سے زیادہ صارفین کے لیے ممکن بنایا جا رہا ہے، تاہم مزید شفاف ہدایات وضع کی جائیں گی۔

ترامیم کے بعد ٹوئٹر صارفین کے لیے نیلے بیج کی درخواست دینا زیادہ آسان ہوگا۔ تاہم شرائط پوری نہ کرنے والے اور ٹوئٹر کے قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے صارفین کے اکاؤنٹس سے بیج ہٹا دیا جائے گا۔

نیلے بیج کے اہل صارفین کا تعلق حکومتی ادارے، کاروباری طبقے، میڈیا، تفریحی شعبے یا سپورٹس سے ہونا لازمی ہے۔ نامور شخصیات یا سماجی کارکن بھی نیلا بیج حاصل کرنے کے اہل ہیں۔

ٹوئٹر ممکنہ طور پر سائنسدانوں، مذہبی رہنماؤں اور دیگر شعبوں سے تعلق رکھنے والوں کو بھی اس فہرست میں شامل کرے گا۔

ٹوئٹر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ نیلے بیج کی وجہ سے اصلی اور نقلی اکاؤنٹس میں فرق واضح کرنے میں مدد ملتی ہے۔ ٹوئٹر کے اکاؤنٹس تصدیق کرنے کے طریقہ کار سے متعلق شکایات کے بعد تمام عمل تعطل کا شکار ہو گیا تھا۔