Monday, May 13, 2024

ٹماٹر سمیت سبز مصالحے کی بڑھتی قیمتوں نے عوام کو چکرا کر رکھ دیاٍ

ٹماٹر سمیت سبز مصالحے کی بڑھتی قیمتوں نے عوام کو چکرا کر رکھ دیاٍ
July 8, 2020

کراچی ( 92 نیوز) عید قربان سے قبل ہی شہریوں کی جیب پر چھریاں چلنے لگیں، ملک بھر میں ٹماٹر سمیت سبز مصالحے کی بڑھتی قیمتوں نے عوام کو چکرا کر رکھ دیا، پرائس کنٹرول کمیٹیاں خاموش تماشائی بن گئیں۔

ایک اور بحران  پھر عوام کا امتحان لینے لگا ،مہنگائی کا جن پھر بے قابو ہونے لگا ، عید  قربان سےقبل ٹماٹرمافیا نے بھی چھریاں تیز کرلیں ، ٹماٹروں سمیت سبز مصالحے  کی خود ساختہ بڑھتی ہوئی قیمت نے شہریوں چکراکے رکھ دیا۔

چند روز قبل 30روپے فی کلو میں فروخت ہونے والے ٹماٹر نے سنچری کرلی  ۔ ادرک ،لہسن ،ہری مرچ اور پیاز کی قیمتوں میں بھی ہوشر اضافے نے عوام کے ہوش اڑا دیئے ہیں۔

لاہور میں ایک ہفتہ قبل 30روپے میں فروخت ہونے والا ٹماٹر 120روپے تک پہنچ گیا ، نئے آلو  کی سرکاری قیمت 78روپے فی کلو ہے لیکن 110روپے میں دستیاب نہیں، ادرک 400،لہسن 320 جب کہ سبزی مرچ 120روپے فی کلو فروخت کی جارہی ہے ،فیصل آباد میں 5روز میں  ٹماٹر کی قیمت میں 100 روپے کا اضافہ دیکھا گیا ، 150سے 160روپے فی کلو میں فروخت ہو رہا ہے جب کہ لہسن 270،ادرک 320روپے جب کہ ہری مرچ 80روپے فی کلو فروخت کی جارہی ہے۔

ملتان میں بھی سبزمصالحہ جات کی قیمتوں کو پر لگ گئے ، 40روپے میں ملنے والا ٹماٹر 120 سے 140روپے فی کلو میں فروخت ہورہاہے ۔ ادرک 330،لہسن 240روپے جب کہ سبز مرچ 120روپے فی کلو میں بک رہی ہے۔

پشاور میں بھی ٹماٹر کی قیمت نے 100 روپے پر چھلانگ مار  دی ہے،ادرک 350،لہسن 150  روپے فی کلو دستیاب  ہے ۔ گوجرانوالہ ،سیالکوٹ اور قصور میں بھی ٹماٹرسمیت سبزمصالحہ جات کی  من مانی قیمتوں پر فروخت جاری ہے۔

ٹماٹر کی قیمت میں اضافوں پر شہری پھٹ پڑے  اور حکومت سے پرائس لسٹ پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا ہے ۔

دوسری طرف اشیائے خوردونوش کی بڑھتی قیمتوں کےخلاف ن لیگ نے پنجاب اسمبلی میں قرارداد بھی جمع کرا دی ہے۔