Friday, April 19, 2024

ٹرینوں کا شیڈول کئی ماہ بعد بھی ٹریک پر نہ آسکا

ٹرینوں کا شیڈول کئی ماہ بعد بھی ٹریک پر نہ آسکا
August 27, 2019
لاہور (92 نیوز) ملک بھر میں ٹرینوں کی تاخیر معمول بن گئی ۔ شیڈول کئی ماہ بعد بھی ٹریک پر نہ آسکا ۔ مسافروں کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔ وزیر ریلوے کے بڑے بڑے دعوے بھی ٹرینوں کی  آمدورفت  میں تاخیر کو معمول پر نہ لا سکے۔ کراچی سے لاہور آنے والی کراچی ایکسپریس   پونے پانچ گھنٹے، شاہ حسین ایکسپریس چھ گھنٹے، شالیمارایکسپریس تین گھنٹے تاخیر کا شکار ہو گئی۔ کراچی سے پشاورجانے والی عوام ایکسپریس سوا تین گھنٹے  لیٹ ہوئی۔ خیبر میل ساڑھے پانچ گھنٹے، کراچی سے براستہ لاہور سیالکوٹ جانے والی علامہ اقبال ایکسپریس تین گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی۔ کراچی سے بذریعہ فیصل آباد ملک وال جانے والی ملت ایکسپریس، کراچی سے بذریعہ فیصل آباد راولپنڈی جانے والی پاکستان ایکسپریس ڈھائی گھنٹے لیٹ ہوئیں۔ سرسید ایکسپریس ایک گھنٹہ، تیز گام دوگھنٹے ، جعفرایکسپریس ڈھائی گھنٹے تاخیر کا شکار ہوئی۔ ٹرینوں کی تاخیر اور صفائی کے ناقص انتطامات پر مسافر خوب گرجے برسے، بولے ایک تو ٹرینیں لیٹ دوسرا ریلوے انتظامیہ سُستی دکھا رہی ہے۔ ٹرینوں کا شیڈول بحال کرانے میں ناکامی پر  ریلوے انتظامیہ مؤقف دینے سے گریز کررہے ہیں۔ نائنٹی ٹونیوز نے ترجمان ریلوے سے رابطہ کیا توانہوں نے بات کرنے سے معذرت کر لی۔