Saturday, April 27, 2024

ٹریفک وارڈنز الاؤنس کیس ، سپریم کورٹ سیکرٹری خزانہ پنجاب پر برہم ‏

ٹریفک وارڈنز الاؤنس کیس ، سپریم کورٹ سیکرٹری خزانہ پنجاب پر برہم ‏
May 16, 2019
اسلام آباد ( 92 نیوز ) ٹریفک وارڈنز الاؤنس کیس میں جونیئر افسر کے دستخط سے جواب جمع کرانے پر سپریم کورٹ سیکرٹری وزارت خزانہ پنجاب پر برہم ہو گئی ۔ قائم مقام چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ مراعات کی مد میں 50 ارب کی ادائیگیاں کون کرے گا، سی ٹی او طیب حافظ چیمہ کیخلاف کریمنل انکوائری کا حکم دیتے ہوئے  آئندہ سماعت پر سیکرٹری سمیت طلب کرلیا۔ ٹریفک وارڈنز الاؤنس کیس کی سماعت قائم مقام چیف جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں تین رکنی بنچ نے کی ۔ سیکرٹری خزانہ پنجاب نے جونیئر افسر سے دستخط کروا کر جواب بھجوا دیا جس پر سپریم کورٹ برہم ہو گئی ۔ عدالت نے استفسار کیا کہ سیکرٹری خزانہ نے تحریری جواب پر خود دستخط کیوں نہیں کیے؟، عدالت نے ماتحت افسر کو توہین عدالت کا نوٹس دیکر جیل بھیجنے کا عندیہ دے دیا۔

موبائل فون کارڈز اور ریچارج پر ٹیکس بحال

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ چیف ٹریفک آفیسر نے ٹریفک وارڈنز کی مراعات کو عدالت میں تسلیم کیا ، مراعات کی مد میں 50 ارب کی ادائیگیاں کون کرے گا ، سرکار کو یہ پیسہ دینے نہیں دینگے۔ عدالت نے استفسار کیا کیا چیف ٹریفک آفیسر یہ رقم اپنی جیب سے ادا کرے گا ۔ وکیل حکومت پنجاب نے موقف اپنایا کہ سی ٹی او نے عدالت میں جواب آئی جی کی رضامندی لیے بغیر جمع کرایا ، کابینہ کی خصوصی کمیٹی میں وارڈنز کی مراعات کا جائزہ لینے کی یقین دہانی کرادی۔ عدالت نے سیکرٹری خزانہ پنجاب اور سی ٹی او کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا آئی جی پنجاب کو سی ٹی او طیب حافظ چیمہ کیخلاف کریمنل انکوائری کا حکم دے دیا ۔ عدالت نے وزارت خزانہ پنجاب کے ادارہ جاتی معاملات پر چیف سیکرٹری سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے سماعت 4 ہفتوں کیلئے ملتوی کردی۔