Saturday, May 11, 2024

ٹریفک سارجنٹ قتل کیس، عبدالمجید اچکزئی کی بریت کیخلاف اپیل دائر

ٹریفک سارجنٹ قتل کیس، عبدالمجید اچکزئی کی بریت کیخلاف اپیل دائر
September 18, 2020
کوئٹہ (92 نیوز) بلوچستان ہائی کورٹ میں ٹریفک سارجنٹ قتل کیس میں عبدالمجید اچکزئی کی بریت کے خلاف اپیل دائر کر دی گئی۔ اپیل محکمہ پولیس کی جانب سے دائر کی گئی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ٹریفک سارجنٹ قتل کیس میں استغاثہ کے بیانات کو قابل غور نہیں لایا گیا۔ ماڈل کورٹ کی جانب سے سابق رکن صوبائی اسمبلی عبدالمجید اچکزئی کو ٹریفک سارجنٹ عطاءاللہ قتل کیس میں باعزت بری کرنے کے فیصلہ کو محکمہ پولیس نے بلوچستان ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا۔ محکمہ پولیس نے عبدالمجید اچکزئی کی بریت کے خلاف دائر اپیل میں موقف اختیار کیا کہ ٹریفک سارجنٹ عطااللہ قتل کیس میں استغاثہ کے بیانات کو قابل غور نہیں لایا گیا ٹرائل کورٹ نے استغاثہ کے موقف کو نظر انداز کیا۔ محکمہ پولیس کی جانب سے دائر کردہ اپیل میں موقف اختیار کیا کہ محکمہ پولیس زیر بحث نہ لائے جانے والے نقاط کو ہائی کورٹ میں سامنے لانے کا مکمل حق رکھتا ہے۔ یاد رہے کہ ماڈل کورٹ کی جانب سے 4 ستمبر کوسابق رکن صوبائی اسمبلی اور پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رہنماء عبدالمجید اچکزئی کو ٹریفک سارجن قتل کیس میں شک کا فائدہ دیتے ہوئے بری کر دیا گیا تھا، ماڈل کورٹ کے اس فیصلے کے بعد عوامی حلقوں میں شدید رد عمل بھی سامنے آیا تھا۔ 92 نیوز کی جانب سے بھی عبدالمجید ا چکزئی کی باعزت رہائی پر عوامی اور سماجی حلقوں کے رد عمل کو بھرپور انداز میں پیش کیا گیا تھا، جس پر محکمہ پولیس کی جانب سے اس فیصلے کو بلوچستان ہائی کورٹ میں چیلنج کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔