Friday, April 26, 2024

ٹریزا مے کی کوششیں ناکام، برطانوی پارلیمنٹ نے تیسری مرتبہ بھی بریگزٹ ڈیل مسترد کردی

ٹریزا مے کی کوششیں ناکام، برطانوی پارلیمنٹ نے تیسری مرتبہ بھی بریگزٹ ڈیل مسترد کردی
March 29, 2019

لندن (92 نیوز) برطانوی پارلیمنٹ نے تیسری مرتبہ وزیر اعظم ٹریزامے کی ڈیل اٹھاون ووٹوں کے مارجن سے مسترد کردی۔ جس کے بعد نو ڈیل بریگزٹ کے امکانات مزید بڑھ گئے ہیں۔

وزیر اعظم ٹریزا مے کی جانب سے  ڈیل کے کچھ حصے پر ووٹنگ کرانے اور ڈیل منظور ہونے کی صورت میں مستعفی ہونے کی  حکمت عملی ناکام ہو گئی۔

اراکین پارلیمنٹ نے مسلسل تیسری مرتبہ ڈیل مسترد کردی۔ ڈیل کے حق میں دو سو چھیاسی اور مخالفت میں تین سو چوالیس ووٹ ڈالے گئے۔

اب وزیر اعظم ٹریزا مے کے پاس بارہ اپریل تک کا وقت ہے کہ وہ ڈیل میں مزید تبدیلیوں یا پھر توسیع کیلئے یورپی یونین سے مذاکرات کریں ورنہ برطانیہ نو ڈیل کیساتھ یورپی یونین سے الگ ہوجائے گا۔

ووٹنگ کے بعد پارلیمنٹ سے خطاب میں وزیراعظم ٹریزا مے نے کہا کہ وہ منظم بریگزٹ کیلئے کام جاری رکھیں گی۔ دوسری جانب اپوزیشن لیبر پارٹی کے سربراہ جیرمی کوربن نےٹریزامے سے مستعفی ہونے اور قبل از وقت انتخابات کا مطالبہ کردیا۔

یورپی یونین نے ڈیل مسترد ہونے پر افسوس کا اظہار کیا، یورپی کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے معاملے پر  دس اپریل کو اجلاس طلب کرلیا۔