Sunday, September 8, 2024

ٹرکش ایئرلائن نے امریکا کیلئے تمام پروازیں منسوخ کر دیں

ٹرکش ایئرلائن نے امریکا کیلئے تمام پروازیں منسوخ کر دیں
July 18, 2016
انقرہ (ویب ڈیسک) ٹرکش ایئرلائن نے سترہ اور اٹھارہ جولائی کے دوران ترکی سے امریکا جانے اور واپس آنے والی تمام پروازوں کو منسوخ کر دیا۔ مجموعی طور پر دو سو تین پروازیں منسوخ کر دی گئیں جس کے باعث شہریوں میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ٹرکش ایئرلائن کی سترہ اور اٹھارہ جولائی کے لیے امریکا جانے اور آنے والی تمام پروازیں منسوخ کردی گئی ہیں اور ایئرلائن نے مسافروں کو امریکا کے لیے پروازوں کی معلومات کے لیے ویب سائٹ وزٹ کرنے کا مشورہ دے دیا ہے۔ مجموعی طور پر ان دو دنوں میں ترکی بھر سے امریکا جانے اور واپس ترکی آنے والی دو سو تین پروازیں منسوخ ہوئی ہیں۔ جن کے باعث ان پروازوں سے سفر کرنے والے مسافروں میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔ ایئرلائن نے یہ نہیں بتایا کہ پروازیں کب بحال کی جائیں گی۔ ترکی میں ناکام بغاوت کے بعد امریکا نے گزشتہ روز ترکی سے امریکا آنے اور جانے والی پروازوں پر پابندی عائد کی تھی جس کے بعد آج ٹرکش ایئرلائن کی جانب سے پروازوں کی منسوخی کا فیصلہ سامنے آیا ہے۔