Friday, March 29, 2024

نئی امریکی انتظامیہ بھی ڈومور کا راگ الاپنے لگی

نئی امریکی انتظامیہ بھی ڈومور کا راگ الاپنے لگی
January 14, 2017

واشنگٹن (ویب ڈیسک) نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کابینہ کے لئے نامزد وزیردفاع نے بھی ڈومور کا راگ الاپنا شروع کردیا۔ جیمز میٹس کہتے ہیں کہ وہ منتخب ہوگئے تو امریکا کی ڈومور کی پالیسی برقرار رکھیں گے۔ نامزد وزیر دفاع نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کابھی اعتراف کیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ کی ممکنہ کابینہ بھی ڈومور پالیسی پر گامزن رہنے کے لیے پرعزم ہے۔ نامزد وزیر دفاع جیمزمیٹس نے سینیٹ کی آرمڈ سروسز کمیٹی میں پاکستان سے متعلق سوالنامے کا تحریری جواب جمع کرا دیا ہے جس میں ان کا کہنا کہ وہ عہدے پر فائز ہوئے تو پاکستان میں موجود دہشت گردوں کو نکالنے یا ختم کرنے کی ضرورت پر زور دیں گے۔

سکیورٹی سے متعلق تمام امور کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔ وہ پاکستان کے ساتھ موثر شراکت داری اور اعتماد سازی کے لیے کام بھی کریں گے۔  جیمز میٹس نے اس بات کا اعتراف کیا کہ پاکستان گزشتہ کئی سال سے امریکا کے تعاون سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑرہا ہے۔

اس جنگ میں پاکستانی فوج نے نمایاں قربانیاں دی ہیں۔ جیمزمیٹس کا کہنا ہے کہ پاکستان کو ہمسایہ ممالک سے تعاون کے لیے مزید اقدامات کرنے چاہئیں۔