Monday, September 16, 2024

ٹرمپ کے مشیر قومی سلامتی مائیکل فلین نے استعفیٰ دیدیا

ٹرمپ کے مشیر قومی سلامتی مائیکل فلین نے استعفیٰ دیدیا
February 14, 2017

واشنگٹن (ویب ڈیسک) امریکا کے قومی سلامتی کے مشیر مائیکل فلین مستعفی ہو گئے ہیں۔ ان کا استعفا ٹرمپ انتظامیہ کیلئے بڑا دھچکا ہے، مائیکل فلین پر نائب صدر مائیک پینس کو گمراہ کرنے کا الزام تھا۔ جنرل مائیکل فلین اس وقت شدید تنقید کا نشانہ بنے جب میڈیا میں یہ اطلاعات آئیں کہ انہوں نے صدر ٹرمپ کی حلف برداری سے قبل روسی سفیر کے ساتھ امریکی پابندیوں کے بارے میں بات کی۔

نائب صدر مائیک پینس نے جنرل فلین کی جانب سے ان الزامات کی تردید کی ہے تاہم بعد میں فلین نے مؤقف اختیار کیا کہ ہو سکتا ہے پابندیوں پر بات ہوئی ہو۔ دوسری طرف شان سپائسر نے پیر کو کہا کہ صدر نے مائیکل فلین کے معاملے پر مائیک پینس اور دیگر لوگوں سے مشورہ کیا ہے۔

فلین نے ٹرمپ انتظامیہ کو روسی سفیر کے ساتھ ملاقات کے بارے میں گمراہ کرنے پر نائب صدر سے معافی بھی مانگی ہے۔ شان سپائیسر کے بیان سے تھوڑی دیر قبل وائٹ ہاؤس میں مشیر کیلی این کانوے نے کہا تھا کہ صدر ٹرمپ کو جنرل فلن پر مکمل اعتماد ہے۔

مائیکل فلین امریکی فوج میں لیفٹیننٹ جنرل رہ چکے ہیں۔ انہیں شدت پسند اسلام سے متعلق ان کے خیالات کی وجہ سے 2014 میں ڈیفنس انٹیلی جنس ایجنسی کے ڈائریکٹر کے عہدے سے ہٹا دیا گیا تھا۔