Friday, May 10, 2024

ٹرمپ کے حامیوں اور مخالفین میں تصادم ، فائرنگ سے ایک شخص ہلاک

ٹرمپ کے حامیوں اور مخالفین میں تصادم ، فائرنگ سے ایک شخص ہلاک
August 31, 2020

نیو یارک ( 92 نیوز) پورٹ لینڈ میں ٹرمپ کے حامیوں اورمخالفین میں تصادم اور  فائرنگ کے نتیجے میں ایک شہری ہلاک ہو گیا۔

امریکہ میں نسلی تعصب کے خلاف جاری احتجاج میں شدت آ گئی،سیاہ فام مظاہرین کے خلاف اب صدر ٹرمپ کے حامی بھی میدان میں آگے،وسکونسن کے بعد ریاست اوریگن کا شہرپورٹ لینڈ بھی میدان جنگ بن گیا۔

پورٹ لینڈ میں  صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حامیوں اور نسلی امتیاز کے خلاف احتجاج کرنے والوں کے درمیان جھڑپ ہوئی  ، جھڑپ کے دروان فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں  ایک شہری ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

پولیس کا کہنا تھا کہ ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ آیا یہ فائرنگ ٹرمپ کے 600 گاڑیوں پر مشتمل وفد کی مظاہرین سے تصادم کی وجہ سے ہوئی یا پھر کوئی اور وجہ ہے ، ٹرمپ کے حامیوں کا کارواں شہر کے مضافات میں ایک مال کے پاس جمع ہوا اور پورٹ لینڈ کے مرکز کی جانب رواں ہوا لیکن جب مظاہرین نے مختلف سڑکوں اور پلوں میں کھڑے ہو کر انہیں روکنے کی کوشش کی تو تصادم ہوا۔

واقعے کی ویڈیو میں دونوں فریقین کے درمیان تصادم اور ٹرمپ کے حامیوں کو پیلٹس فائر کرتے ہوئے دکھایا گیا ہے جبکہ مظاہرین ان کی طرف مختلف اشیا اچھال رہے ہیں۔

بلیک لائیوز میٹر نامی تنظیم کی جانب سے عام طور پر احتجاج کے دوران پولیس اور وفاقی حکومت کے عمارتوں کو نشانہ بنایا جاتا ہے، متعدد مظاہرین کا مطالبہ ہے کہ پولیس کے بجٹ میں کٹوتی کی جائے جبکہ شہر کے میئر اور سیاہ فارم برادری ان کے خلاف ہونے والے مظالم کو بند کرنے کا پرزور مطالبہ کررہے ہیں۔