Saturday, April 20, 2024

ٹرمپ کی پاکستان بارے تعریف بھارتی بیانیہ کی شکست ہے، فردوس عاشق

ٹرمپ کی پاکستان بارے تعریف بھارتی بیانیہ کی شکست ہے، فردوس عاشق
February 25, 2020
اسلام آباد (92 نیوز) معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں کہ اللہ کا شکر ہے آج کے دن تک کرونا کا کوئی کیس پاکستان میں سامنے نہیں آیا، ٹرمپ کی دورہ بھارت پر پاکستان کی تعریف ہندوستان کے بیانیہ کی شکست ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی ہر ممکن کوشش ہے پاکستان کو کرونا سے پاک رکھا جائے، اس سلسلے میں آگاہی مہم کے ساتھ بارڈر سے جڑا پبلک ریلیشن کو سکریننگ کے ساتھ جوڑا گیا ہے، پاکستان کو کروناوائرس سے بچانے کے لیے واضح حکمت عملی سامنے لائی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کابینہ کے اجلاس میں وائرس سے متاثرہ طلبہ کے حوالے سے بھی گفتگو کی،انہوں نے وائرس سے مقابلہ کرنے پر ان کے خاندانوں کو بھی سراہا۔ معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ مودی اور ٹرمپ کا سینہ بہ سینہ ملاپ ہورہا تھا، ایسی صورت میں پاکستان کی تعریف ہندوستان کے بیانیہ کی شکست ہے، وزیراعظم نے ہندوستان کے بیانیہ کی شکست کی اونرشپ لینے کی ہدایات جاری کیں۔ بھارتی بیانیے کی شکست پاکستان کی فتح ہے۔ فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزارت توانائی نے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں کمی لانے کے لیے شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم پلان کابینہ کے سامنے رکھے، ماضی کی حکومتوں کے غلط فیصلوں کا بوجھ موجودہ حکومت پر پڑا، ماضی کی حکومتوں کے معاہدوں پر عملدرآمد کرنا ہماری مجبوری بنا، اسی وجہ سے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ انہوں نے کہا کہ پانامہ کیس کی وجہ سے ن لیگ نے بجلی کی قیمتوں کے معاملے میں تاخیر کی، وزیراعظم نے اس عزم کو دہرایا عوام کو اس کی قیمت نہیں ادا کرنی چاہئے، عوام کو مہنگائی کے دلدل سے نکالنے کے لیے وزارت توانائی کو ہدایات جاری کیں کہ ایسا میکانزم بنایا جائے کہ یہ قیمتیں کسی صورت عوام پر ٹرانسفر نہ ہوں۔