Friday, April 26, 2024

ٹرمپ کی ٹک ٹاک اور وی چیٹ کے چینی مالکان کیساتھ لین دین پر پابندی عائد

ٹرمپ کی ٹک ٹاک اور وی چیٹ کے چینی مالکان کیساتھ لین دین پر پابندی عائد
August 7, 2020
 واشنگٹن (92 نیوز) امریکی صدر نے قومی ٹیکنالوجیکل ایمرجنسی نافذ کر دی۔ صدارتی حکم ناموں کے ذریعے ٹرمپ نے ٹک ٹاک اور وی چیٹ کے چینی مالکان کیساتھ لین دین پر پابندی عائد کر دی۔ وائٹ ہاؤس کا کہنا ہے کہ امریکا میں چینی ایپس کا پھیلاؤ قومی سلامتی، خارجہ پالیسی اور معیشت کیلئے مستقل خطرہ بن چکا ہے جس کے تدارک کیلئے عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔ امریکا کی جانب سے الزام عائد کیا گیا ہے کہ ٹک ٹاک اور وی چیٹ امریکی عوام کی نجی اور کاروباری معلومات اکٹھی کر رہی ہیں جو چینی کمیونسٹ پارٹی کے ہاتھ لگنے کا خطرہ ہے۔ وی چیٹ پر پابندی کے حکم نامے میں امریکا آنے جانے والے چینی باشندوں کی جاسوسی کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا اور کہا گیا کہ وی چیٹ کو امریکی معاشرے میں آزادی کو پہلی بار محسوس کرنے والے چینی باشندوں پر نظر رکھنے کیلئے بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔ گزشتہ روز امریکی وزیر خارجہ نے چینی موبائل ایپلی کیشنز پر مکمل پابندی کا عندیہ دیا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ امریکا نا قابل اعتبار چینی ایپلی کیشنز کو اپنے ایپ اسٹورز سے ہٹا دینا چاہتا ہے تاہم حالیہ اقدامات سے لگتا ہے کہ امریکا ان کمپنیوں کو صرف چینی مالکان سے محروم کرنا چاہتا ہے۔