Saturday, April 27, 2024

ٹرمپ کی سپریم کورٹ جج نامزدگی پر امریکا بھر میں ہزاروں خواتین کا مارچ

ٹرمپ کی سپریم کورٹ جج نامزدگی پر امریکا بھر میں ہزاروں خواتین کا مارچ
October 18, 2020
واشنگٹن (92 نیوز) امریکی صدر کی جانب سے سپریم کورٹ میں نئے جج کی نامزدگی کے خلاف واشنگٹن سمیت ملک بھر میں ہزاروں خواتین نے مارچ کیا۔ مظاہرین نے تین نومبر کو ڈونلڈ ٹرمپ کو ووٹ نہ دینے کا اعلان کردیا۔ امریکا میں صدارتی الیکشن میں محض 15 روز رہ گئے، ری پبلکن اور ڈیموکریٹس امیدواروں کی لفظی گولہ باری میں اضافہ ہوگیا۔ ملک میں سیاسی گہما گہمی بڑھنے لگی۔ جارجیا میں حامیوں سے خطاب کے دوران ڈونلڈ ٹرمپ نےمذاق کیاکہ ڈیموکریٹس صدارتی امیدوار جوبائیڈن سے ہارنے کی صورت میں شایدانہیں ملک چھوڑناپڑے کیونکہ انہیں یہ شکست بالکل پسند نہیں آئے گی، انہوں نے جوبائیڈن کو تاریخ کا فضول ترین امیدوار بھی قرار دیا۔ جوبائیڈن نے مشی گن میں اپنے خطاب میں ایک بار پھر نسل پرستی جیسے مسائل پر بات کی اور اس کے خاتمے کے عزم کا اظہار کیا۔ دوسری جانب واشنگٹن سمیت امریکا کی متعدد ریاستوں میں ٹرمپ مخالف ریلیوں کا انعقاد ہوا جس میں ہزاروں افراد خصوصا خواتین نے بھرپور شرکت کی۔ مظاہرین نے سپریم کورٹ کی جانب مارچ کیا جب کہ صدر کی جانب سےخاتون جج ایمی کونی کی نامزدگی پر تنقید کی اورعوام سے مطالبہ کیا کہ وہ الیکشن میں ٹرمپ کے خلاف ووٹ دیں۔