Friday, May 17, 2024

ٹرمپ کی دھمکیوں پر موثر انداز میں پاکستان کا موقف پیش کرنا چاہیئے: شاہ محمود قریشی

ٹرمپ کی دھمکیوں پر موثر انداز میں پاکستان کا موقف پیش کرنا چاہیئے: شاہ محمود قریشی
August 27, 2017

ملتان (92 نیوز) تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ کے بیان پر سیاست نہیں کریں گے، تحریک انصاف قومی اسمبلی کے اجلاس میں حکومت کا موقف سن کر اپنا موقف پیش کریے گی۔ شاہ محمود قریشی نے الزام عاید کیا کہ حکومت این اے 120 میں سرکاری وسائل استعمال کر رہی ہے۔

ملتان میں تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر کی پھوپھی کی قل خوانی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ٹرمپ کی دھمکیوں پر ہمیں موثرانداز میں پاکستان کا موقف پیش کرنا چاہیئے۔

ہمیں نریندرمودی کو بھی موثر انداز میں جواب دینا ہو گا۔ چین، ترکی اور ایران سمیت دیگر ممالک نے پاکستانی موقف کو اہمیت دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ حلقہ این اے 120 میں مسلم لیگ ن ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔ وہاں سرکاری وساہل استعمال کئے جا رہے ہیں اس کے باوجود اس حلقہ کے عوام مطمئن نہیں ہیں۔ عمران خان سمیت تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کے لئے انتخابی مہم چلانا ممنوع ہے۔

کرپٹ مافیا کے خاتمے کے لئے پی ٹی آئی کے کارکن این اے 120 کی انتخابی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ میئر لاہور اور لاہور کی انتظامیہ ن لیگ کے امید وار کی انتخابی مہم میں مصروف ہے۔

ایک سوال کے جواب میں شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نواز شریف کی عدلیہ مخالف پالیسی پر ان کی جماعت کے سینئر رہنما ناراض ہیں اور باشعور طبقہ کہہ رہا ہے کہ عدلیہ سے محاذآرائی درست نہیں ہے۔ لگتا ہے کہ اس پر ن لیگ دو حصوں میں تقسیم ہو چکی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے 30 سال تک افغانیوں کی مہمان نوازی کی انہیں اپنے وطن میں رکھا انہیں تعلیم وطبی سہولتیں دی اور آج وہ پاکستان کے احسانات کا بدلہ ہمارے خلاف ہرزہ سرائی کرکے دے رہے ہیں۔