Sunday, September 8, 2024

ٹرمپ کی دھمکیوں پر قومی اسمبلی کا اہم اجلاس آج ہو گا

ٹرمپ کی دھمکیوں پر قومی اسمبلی کا اہم اجلاس آج ہو گا
August 29, 2017

اسلام آباد (92 نیوز) ٹرمپ کی دھمکیوں پر قومی اسمبلی کا اہم اجلاس آج ہو گا۔ پاکستان نے عملی طور پر امریکہ، افغانستان اور دیگر ممالک کیساتھ اہم خارجہ پالیسی کے حوالے سے اہم فیصلوں کی ٹھان لی۔ وزارت خارجہ نے 5 ستمبر کو بیرون ممالک اہم اسٹینشز پر تعینات سفراء کا اجلاس بھی طلب کر لیا۔

امریکی صدر ٹرمپ کے پاکستان مخالف بیان کے بعد پاکستان کی خارجہ پالیسی اہم ترین موڑ پر پہنچ گئی۔ پاکستان نے امریکہ، افغانستان اور کئی دیگر ممالک کے ساتھ خارجہ پالیسی پر نظر ثانی کی ٹھان لی۔ آنے والے دنوں میں کئی اہم فیصلے متوقع ہیں۔

ذرائع کے مطابق امریکہ کے ساتھ تعلقات کے حوالے سے اہم سفارتی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے۔ اس اجلاس میں بین الاقوامی ممالک میں تعینات پاکستانی سفیروں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق خارجہ پالیسی پر نظر ثانی کے لئے پانچ، چھ اور سات ستمبر کواہم اجلاس ہو نگے۔

ادھر ذرائع نے اس بات کی بھی تصدیق کی ہے کہ وزیر خارجہ خواجہ آصف ان اجلاسوں کی صدارت کریں گے جبکہ سیکرٹری خارجہ ان کی معاونت کریں گے۔ ان اجلاسوں میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی کی پاکستان بارے پالیسی افغان صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔  

دوسری طرف امریکی صدرٹرمپ کی دھمکی کےبعد سینٹ کی ہول کمیٹی کا ان کیمرہ اجلاس ہوا جس میں ۔اپوزیشن ارکان نے مطالبہ کیا کہ امریکہ کےساتھ خارجہ پالیسی کا از سرنو جائزہ لیا جائے جبکہ بعض ارکان کی طرف سے قراداد پاس کرانے کیلئے پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کی تجویز دی۔

حکومت نے سینٹ ہول کمیٹی کویقین دہانی کرائی کہ مستقبل کی پالیسی کے بارے میں پارلیمنٹ کو اعتماد میں لیا جائے گا۔