Tuesday, May 7, 2024

ٹرمپ کوئین الزبتھ کے دیے ڈنر میں شرکت کے بعد وطن واپس روانہ

ٹرمپ کوئین الزبتھ کے دیے ڈنر میں شرکت کے بعد وطن واپس روانہ
June 4, 2019
لندن ( 92 نیوز ) امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ بکنگھم پیلس میں کوئین الزبتھ کی جانب سے دیئے گئے ڈنر میں شرکت کے بعد روانہ ہو گئے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی صدر نے کوئین الزبتھ کا مہمان نوازی کیلئے شکریہ ادا کیا اور کہا کہ امریکا اور برطانیہ کے 7 دہائیوں سے قائم تعلقات دونوں ممالک کی مشترکہ اقدار کی بنا پرانہیں سالوں اکٹھا رکھیں گے۔ صدر ٹرمپ نے پیلس کے باہر خیر مقدم کرنے والوں کو ہاتھ ہلا کے جواب دیا۔ قبل ازیں بکنگھم پیلس آمد کے وقت صدر ٹرمپ کو بڑی تعداد میں موجود مظاہرین کا سامنا کرنا پڑا جنہوں نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے اور ٹرمپ کیخلاف نعرے بازی کر رہے تھے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ تین روزہ دورے پر برطانیہ پہنچے اور بکنگھم پیلس میں ان کا استقبال شہزادہ چارلس نے کیا۔ ان کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ ٹرمپ کی بیٹی ایوانکا اور ان کا داماد جیرڈ کشنر بھی ان کے ہمراہ ہیں۔