Tuesday, April 23, 2024

ٹرمپ کا فوجی بجٹ میں 54ارب ڈالر اضافے کا اعلان

ٹرمپ کا فوجی بجٹ میں 54ارب ڈالر اضافے کا اعلان
February 28, 2017

نیویارک (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتہاپسند پالیسیوں کی جھلک بجٹ میں بھی دکھائی دینے لگی۔ ٹرمپ نے آئندہ سال کے فوجی بجٹ میں چون ارب ڈالر اضافے کا اعلان کردیا۔ ادھر پینٹاگان نے داعش کے خاتمے کے لیے نیا منصوبہ تیار کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دفاعی بجٹ میں چون ارب ڈالر کا اضافہ کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ انہوں نے دفاعی بجٹ میں دس فیصد اضافے کو ”تاریخی“ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا مقصد دنیا کو امریکی طاقت، سکیورٹی اور عزم کی یقین دہانی کرانا ہے۔

وائٹ ہاؤس میں امریکی ریاستوں کے گورنروں سے خطاب کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ امریکی فوجیوں کے پاس تمام ضروری جنگی ہتھیار موجود ہوں اور جب بھی للکارا جائے تو فتح ہمیشہ امریکا کی ہو۔ امریکی محکمہ دفاع نے داعش کو شکست دینے کے لیے ایک نیا منصوبہ تیار کیا ہے اور یہ منصوبہ وائٹ ہاؤس کو مل گیا ہے۔